نئی دہلی (یو این آئی): ہندوستانی بحریہ نے بحیرہ عرب میں 15 ہندوستانیوں کے ساتھ کارگو جہاز ‘ایم وی لیلا نورفولک’ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ لائبیریا کے جھنڈے والے جہاز کو جمعرات کی شام صومالیہ کے ساحل سے ہائی جیک کر لیا گیا تھا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق ہائی جیک کیے گئے جہاز نے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے پورٹل کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں 04 جنوری کی شام تقریباً پانچ سے چھ نامعلوم مسلح افراد کے سوار ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ہندوستانی بحریہ نے یہ پیغام موصول ہونے کے بعد میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ (ایم پی اے) لانچ کیا اور بحری حفاظتی کارروائیوں کے لیے تعینات آئی این ایس چنئی کو جہاز کی مدد کے لیے موڑ دیا۔
طیارے نے جمعہ کی صبح جہاز کے اوپر سے پرواز کی اور عملے کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اس سے رابطہ قائم کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بحریہ کے طیارے مسلسل سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے تھے اور آئی این ایس چنئی مدد فراہم کرنے کے لیے جہاز کے قریب آ رہا تھا۔
مزید پڑھیں: ’بھارت نیائے یاترا‘کا نام ہوگیا ’بھارت جوڑونیائے یاترا‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی بحریہ بین الاقوامی ساجھیداروں اور دوست ممالک کے ساتھ خطے میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔