2022 فیفا ورلڈ کپ کا شیڈول جاری

0

دوحہ(یواین آئی) اس سال قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے ڈرا کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ا مریکہ اور ایران ایک ساتھ گروپ بی میں شامل ہیں جبکہ 21 نومبر سے شروع ہونے والے ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا۔فٹ بال ورلڈ کپ کے ڈرا قطر میں نکالے گئے ، 32 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ کیلئے اب تک 29 ٹیموں کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ 3 ٹیمیں کون سی ہوں گی اس کا فیصلہ جون میں ہوگا، جن گروپس کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے اس میں گروپ بی، ڈی اور ای شامل ہیں۔ ڈرا کے مطابق ؛
گروپ اے : میزبان قطر، ایکواڈور ، نیدرلینڈز اور سینیگال
گروپ بی : انگلینڈ، ایران اور امریکہ
گروپ سی : ارجنٹائنا، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ
گروپ ڈی : فرانس، ڈنمارک اور تیونس
گروپ ای: اسپین، جرمنی اور جاپان
گروپ ایف: بیلجیئم ، کینیڈا، مراکش اور کروشیا
گروپ جی میں برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون
گروپ ایچ میں پرتگال ، گھانا، یوراگوئے اور جنوبی کوریا
یہ ٹورنامنٹ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر کے آٹھ اسٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ کے کسی ملک کے لئے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا یہ پہلاموقع ہے ۔ پہلے روز چار میچ ہوں گے ۔ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان البیت اسٹیڈیم میں پہلے میچ کے ساتھ ٹورنامنٹ کاآغاز ہوگا۔ اسی دن انگلینڈ اور ایران، سینیگل اور نیدرلینڈ و امریکہ اور یورپی پلے آف (ویلز/اسکاٹ لینڈ/یوکرین) جیت کر آنے والی ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔لیونل میسی کی قیادت والی ارجنٹینیائی ٹیم 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف مقابلے سے اپنی مہم کی شروعات کرے گی۔ اسی دن رابرٹ لیوینڈوسکی کاپولینڈ میکسیکو سے مقابلہ ہوگا، جب کہ 24 نومبر کو کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال اپنے پہلے میچ میں گھانا کے سامنے ہوگا۔
دفاعی چمپئن فرانس 22 نومبر کو انٹر کانٹینینٹل پلے آف فاتح (آسٹریلیا/یو اے ای/پیرو) سے کھیلے گا، جب کہ اسپین اور جرمنی کے درمیان مقابلہ 27 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا راؤنڈ آف 16مرحلہ 3 سے 6 دسمبر کے درمیان ہوگا، اس کے بعد 9 اور 10 دسمبر کو کوارٹر فائنل اور 13 و 14 دسمبر کو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS