19سیاسی پارٹیوں کو ملے 1100کروڑ روپے

0
hindustannewshub.com

611کروڑ کے ساتھ بی جے پی نے ماری بازی، اے ڈی آر کی رپورٹ میں انکشاف
نئی دہلی (ایجنسیاں) : بی جے پی اور کانگریس میں19سیاسی جماعتوں نے 2021 میں 5ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اسمبلی انتخابات کے دوران 1100کروڑ روپے سے زیادہ موصول کئے اور500کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کئے۔ ان میں سے ایک بڑا حصہ اسٹار پرچارکوں کیلئے اور سفری خرچ اور اشتہارات میں گیا۔ آسام، کیرالہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی کو سب سے زیادہ 611.692 کروڑ روپے ملے اور اس نے 252کروڑ روپے خرچ کئے۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس(اے ڈی آر) اور نیشنل الیکشن واچ کی ایک رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کل ملاکر پارٹی نے میڈیا اشتہار سمیت تشہیر پر 85.26کرو ڑ روپے اور اسٹار پرچارکوں اور دیگر رہنماؤں کے سفر پر 61.73کروڑ روپے خرچ کئے۔ کانگریس نے 193.77 کروڑ روپے کی دوسری سب سے بڑی رقم حاصل کی اور 85.625 کروڑ روپے خرچ کئے۔ اس میں تشہیر پر 31.451کروڑ روپے اور سفری خرچ کیلئے 20.40کروڑ روپے شامل ہیں۔ ڈی ایم کے نے 134کروڑ روپے کی تیسری سب سے بڑی رقم حاصل کی اور کل 114.14 کروڑ روپے خرچ کئے۔ پارٹی نے تشہیر پر 52.144کروڑ روپے اور اسٹار پرچارکوں اور دیگر رہنماؤں کے سفر پر 2.414کروڑ روپے خرچ کئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے دوران مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کو 79.244کروڑ روپے، ٹی ایم سی کو 56.328کروڑ روپے، اے ڈی ایم کے کو 14.46کروڑ روپے اور بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کو 8.05کروڑ روپے ملے، جہاں مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی نے کل 32.74کروڑ روپے خرچ کئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS