ہند اور بنگلہ دیش پہلی بار منائیں گے ’جوائنٹ فرینڈ شپ ڈے‘

0
www.newsncr.com

نئی دہلی (یو این آئی) : ہندوستان اور بنگلہ دیش ’جوائنٹ فرینڈشپ ڈے‘منانے جا رہے ہیں۔ یہ اطلاع وزارت خارجہ نے دی۔اس سلسلے میں ہندوستان اور بنگلہ دیش نے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس دن کو خاص بنانے کیلئے دونوں ممالک مختلف قسم کے پروگرام منعقد کر رہے ہیں، جس میں ’لوگو اینڈ بیک ڈراپ‘ڈیزائننگ مقابلے اور بنگلہ دیش کی جنگ آزادی پر مبنی کتابوں کے جائزے جیسے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے بتایاکہ ’لوگو اینڈ بیک ڈراپ‘ ڈیزائننگ مقابلے کے فاتحین کے ناموں کا اعلان 6دسمبر کو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس دن بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات اور آزادی کی جدوجہد کے بارے میں ایک ویڈیو پیغام جاری کریں گی۔ خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا گلوبل کونسل آف انڈیا میں منعقد ہونے والے پروگرام میں دونوں ممالک کی دوستی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کریں گے۔وزارت خارجہ نے بتایاکہ پروگرام کے دوران ایک کتاب ’1971:رائز آف اے نیشن بنگلہ دیش‘کا جائزہ لیا جائے گا اور بیرون ممالک میں ہندوستانی سفارت خانے بھی اس کتاب کو تقسیم کریں گے ۔ اس کے ساتھ تقریب میں ایک مختصر فلم بھی دکھائی جائے گی، جسے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جائے گا۔وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند 16دسمبر کو ڈھاکہ کا دورہ بھی کریں گے۔ اس دوران وہ بنگلہ دیش کی پاکستان سے آزادی کے لیے نو ماہ تک جاری رہنے والی جدوجہد آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS