بنگال میں ساڑے نو بجے تک 16.04 فیصد ووٹنگ

0
IMAGE:indianexpress.com

کولکتہ: ( یواین آئی) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں 35سیٹوں کے لئے جمعرات کو پہلےڈھائی گھنٹے یعنی ساڑے نو بجے تک سخت سکیورٹی کے درمیان تقریبا 16.04 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں 35سیٹوں پر 283 امیدوار میدان میں ہیں۔
ریاست میں آج صبح آخری مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ شروع ہونے کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے رائے دہندگان سے بڑی تعداد میں گھر سے پولنگ مراکز پر پہنچ کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ۔
مسٹر مودی نے ٹویٹر پر کہا ’’ آج مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے آخری مرحلے کی ووٹنگ ہے ۔ میں لوگوں سے کووڈ ۔19 پروٹوکول پرعمل کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں ۔ میں لوگوں سے اپنا ووٹ ڈالنے اور جمہوریت کے تہوار کو مزید تقویت دینے کی اپیل کرتا ہوں‘‘ ۔
دریں اثنا آج شمالی کولکتہ میں مہاجاتی سدن ہال کے نزدیک دیسی بم پھینکا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے اس واقعہ کی تفصیلات طلب کی ہیں ۔
ترنمول کانگریس کی امیدوار نینا بنرجی نے الزام لگایا کہ انہیں شہر کے بیچ چورنگی میں میٹرو پولیٹن اسکول کے ایک پولنگ مرکز میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔
شہر کےوسط میں اینٹلی سے بمباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ، جہاں مرکزی فورسز نے رائے دہندگان میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے روٹ مارچ شروع کیا تھا ۔ بم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
ضلع بیر بھوم کے پولنگ مرکز نمبر 188 پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں خرابی آنے کے سبب آدھے گھنٹے کی تاخیر سے پولنگ کا آغاز ہوا۔
معروف اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈرمتھن چکرورتی نے شمالی کولکتہ کے علاقے کاشی پور-بیلگچھیا علاقہ میں ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈال کر اپنے حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد اداکار سے لیڈر بنے چکرورتی نے سکیورٹی اہلکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اتنے پر امن ماحول میں کبھی بھی انتخابات نہیں ہوئے ۔
انہوں نے کہا ’’میں نے اس سے پہلے کبھی بھی اتنے پرامن ماحول میں ووٹ نہیں ڈالا تھا۔ سبھی سکیورٹی اہلکاروں کو اس کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘ ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS