’تم مجھے یوں بھلا نہ پاؤ گے‘:لتا منگیشکر نہیں رہیں، موسیقی کے ایک دور کا خاتمہ

0
IWMBuzz

ممبئی، (یو این آئی) : بالی وڈ کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کا آج صبح ممبئی کے نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا-کل شام ان کی حالت بگڑگئی تھی، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ 92سالہ گلوکارہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 9جنوری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ زیرعلاج تھیں، لیکن اسپتال میں داخلے کے بعد ان کی صحت مستحکم نہیں رہی-لتا منگیشکر جنوری میں نمونیہ سے صحتیاب ہوئی تھیں، گلوکارہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر پریت صمدانی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لتا دیدی کی حالت بگڑنے کے باعث انہیں کل ایک بار پھر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، لیکن کورونا سے جنگ جیتنے اور کرونا منفی ہونے کے بعد وہ زندگی کی جنگ ہار گئیں۔ واضح رہے کہ محترمہ لتا منگیشکر کا آج صبح 8.12 بجے یہاں بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ان کے جسد خاکی کو شیواجی پارک لے جانے سے پہلے ان کی آخری آرام گاہ پرممبئی پولیس نے 21توپوں کی سلامی دی۔لتا دیدی کے ہزاروں مداح نم آنکھوں سے پیڈر روڈ سے شیواجی پارک تک 10کلومیٹر کے طویل راستے پر قطار میں کھڑے رہ کر اپنی محبوب گلوکارہ کا آخری دیدار کر رہے تھے۔
بھارت رتن اور معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی اتوار کی شام یہاں شیواجی پارک میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔لتا منگیشکر کے بھائی ہردے ناتھ منگیشکر نے ان کے جسد خاکی کو مکھ اگنی دی۔ سرکاری اعزاز کے ساتھ فوجی جوانوں نے آخری رسومات سے قبل لتا منگیشکرکو نمن کیا اور انہیں گن سیلیوٹ دیا۔آخری رسومات میں شرکت کرنے والوں میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ، ان کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے ، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار، ان کی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، مرکزی وزیر پیوش گوئل، بھارت رتن سچن تندولکر، مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے ، ان کی اہلیہ شرمیلا ٹھاکرے ، وزیر اعلیٰ کے بیٹے اور وزیر آدتیہ ٹھاکرے ، شیو سینا کے راجیہ سبھا کے رکن انل دیسائی، ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر، ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اقبال چہل، سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور کئی دیگر معززین نے محترمہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کی۔بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اپنی بیٹی شویتا کے ہمراہ آخری رسومات پر پہنچے تھے۔ لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شاہ رخ خان کے علاوہ بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ آخری رسومات کیلئے لتا منگیشکر کا جسد خاکی ان کے گھر بھو کنج سے 3:30 بجے شیواجی پارک لے جایا گیا۔ راستے میں سڑک کے دونوں طرف ان کے آخری دیدار کیلئے لوگوں کا ہجوم تھا۔ وہ لتا جی کے جسد خاکی پر پھول چڑھا نے کیلئے سڑک کے کنارے کھڑے تھے ۔ اس گاڑی میں ان کی بہن اوشا منگیشکر اور خاندان کے دیگر افراد سوار تھے، جس میں ان کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔
سورکوکیلا لتا منگیشکر کے انتقال سے ملک اور دنیا بھر میں تعزیت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند،نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی،کانگریس صدر سونیاگاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس رہنما راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے سور کوکیلا لتا منگیشکر کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا۔لتا جی کے انتقال پر قومی تعزیت کا اعلان کیا گیا ہے ۔دو دن قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ مسٹر کووند نے اتوار کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ لتا جی کا انتقال میرے لئے بھی ویسے ہی دل دہلادینے والا ہے، جیسا کہ دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کیلئے ہے۔ ان کے نغموں کی طویل فہرست میں، ہندوستان کے جوہر اور خوبصورتی کی پیشکش سے نسلوں نے اپنے اندرونی جذبے کا اظہار پایا ہے ۔ بھارت رتن لتا جی کے کارنامے بے مثال رہیں گے۔ انہوں نے ایک دیگر ٹویٹ میں کہاکہ ایک ایسے اداکار کی پیدائش صدیوں میں ایک بارہوتی ہے۔لتا دیدی ایک غیر معمولی انسان تھیں،وہ ہمیشہ گرمجوشی سے ملتی تھیں۔ میں جب بھی ان سے ملا انہوں نے گرمجوشی سے میرا خیر مقدم کیا۔ خوبصورت آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی،لیکن اس کے سُر ہمیشہ زندہ رہیں گے ،رہتی دنیا تک ان کی آواز کانوں میں گونجتی رہے گی۔ان کے کنبے اور ہر جگہ موجود ان کے مداحوں کے تئیں میری تعزیتیں۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ لتا جی کے انتقال سے ہندوستان نے اپنی خوبصورت سریلی آواز کھودی۔ان کے انتقال سے پیدا ہوئے خلا کو بھرا نہیں جا سکے گا۔نائب صدر نے کہاکہ لتا منگیشکر صدیوں تک اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں رہیں گی۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری تعزیتیں لتا منگیشکر کے گھروالوں اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔ اوم شانتی۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ میں الفاظ میں اپنا دکھ بیان نہیں کرسکتا۔ہمدرد دل کی مالک لتا دیدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ وہ ہمارے ملک میں ایک خالی پن چھوڑ گئی ہیں، جسے پُر نہیں کیا جا سکتا۔ آنے والی نسلیں انہیں ہندوستانی ثقافت کی ایک رہنما کے طورپر یاد کریں گی،جن کی سریلی آواز میں لوگوں کو مسحور کرنے کی لازوال صلاحیت تھی۔
سونیا گاندھی نے تعزیتی پیغام میں کہاکہ میں عظیم گلوکارہ لتا جی کی سریلی آواز کے آج خاموش ہونے سے حیران ہوں۔ ایک دور ختم ہوا۔ دل کو چھو لینے والی آواز، حب الوطنی کے گیت اور لتا دیدی کی جدوجہد بھری زندگی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعث تحریک رہے گی۔ ان کے آخری سفر پر سلام اور دلی خراج عقیدت’۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ لتا منگیشکر کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا۔ ہندوستان نے ایک عظیم بیٹی کھو دی ہے ۔ وہ ہندوستان کی ’نائٹنگل‘ تھیں اور انہوں نے اپنے گانوں کے ذریعے ملک کے ثقافتی اتحاد میں غیر معمولی حصہ داری کی۔ ان کی وفات ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے اور ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُرہونا ممکن نہیں۔ میں اور میری اہلیہ لتا جی کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اورمالک سے ان کی روح کو سکون دینے کی دعا کرتے ہیں۔غور طلب ہے کہ 92برس کی عمر میں بھارت رتن لتا منگیشکر 28دن تک کورونا سے لڑنے کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ لتا منگیشکر جی کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔ ان کی آواز دہائیوں تک ہندستان کی مقبول آواز رہی ہے۔ ان کی سریلی آواز امر ہے اور ان کے دیوانوں کے دلوں میں بسی رہے گی اور دہائیوں تک انہیں مسحور کرتی رہے گی۔ میں دکھ کے اس لمحہ میں ان کے کنبہ کے اراکین، دوستوں اور ان کے مداحوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہاکہ ہندستانی موسیقی کے باغ میں سروں کو چن چن کر سجانے والی سروں کا پٹارہ محترمہ لتا منگیشکر جی کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔ ان کے انتقال سے ہندستانی فن کی دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ۔بھگوان لتا جی کو اپنے چرنوں میں جگہ دیں اور اس دکھ کے اس وقت میں اہل خانہ کو اس درد کو برداشت کرنے کی طاقت دے ۔اپنے تعزیتی پیغام کے ساتھ محترمہ واڈرا نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے ساتھ لتا منگیشکر کی نوجوانی کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں وہ محترمہ گاندھی کے ساتھ بات چیت کررہی ہیں۔ مسٹر گاندھی نے بھی ان کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ان کے یوم پیدائش اور انتقال کی تاریخ ہے ۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو سلسلہ وار ٹوئٹ کرکے کہا کہ سر اور موسیقی کو مکمل کرنے والی لتا دیدی نے اپنی سریلی اور مسحور کن آواز سے نہ صرف ہندستان بلکہ پوری دنیا میں ہر نسل کی زندگی کو ہندستانی موسیقی کی مٹھاس سے بھر دیا۔ موسیقی کی دنیا میں ان کی خدمات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ان کی موت میرے لئے ذاتی نقصان ہے ۔
مرکزی وزیر نیتن گڈکری نے ٹویٹ کرکے کہاکہ ملک کی شان اور موسیقی کی دنیا کی لاثانی آواز کوسور کوکیلا بھارت رتن لتا منگیشکر جی کا انتقال بہت ہی تکلیف دہ ہے ۔انہیں میری تعزیت۔ان کا جانا ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔وہ موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والوں کیلئے باعث تحریک تھیں۔ 30ہزار سے زیادہ نغموں کو اپنی آواز سے زندگی دینے والی لتا جی بے حد نرم مزاج اور باصلاحیت خاتون تھیں۔ ملک کے عوام کی طرح میرے لئے بھی ان کی گلوکاری ان کے نغمے بہت ہی عزیز رہے ہیں،مجھے جب بھی وقت ملتا میں ان کے نغموں کو سنا کرتاہوں۔ایشور آنجہانی کی روح کو سکون دے اور سوگوار لواحقین کو صبر دے ۔اوم شانتی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS