Image:The Quint

کولکاتا: سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے کابینہ میں وزیر خارجہ اور وزارت خزانہ سنبھالنے والے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا آج ممتا بنرجی سے ملاقات کرنے کے بعد ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئے۔ آج پہلے انہوں نے ممتا بنرجی جو کل اسپتال سے ڈسچارچ ہوئی ہیں، سے ملاقات کی،اس کے بعد ترنمول بھون جاکر ممبر پارلیمنٹ سدیپ بندو پادھیائے، ڈیریک اوبرائن اور سینئر لیڈر وریاستی وزیر سبرتو مکھرجی کی موجودگی میں ترنمول کانگریس کا جھنڈا تھاما۔یشونت سنہا 2014میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے ہی ان کی پالیسیوں کی تنقید کرتے رہے ہیں اور بعد میں انہوں نے پارٹی چھوڑدی۔جب کہ ان کے بیٹے اب بھی بی جے پی کے ٹکٹ پر ہزاری باغ سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
پارٹی میں شامل ہونے کے بعد یشونت سنہا نے کہاکہ آج ملک دوراہے پر کھڑا ہے ۔ملک جن اقدار وروایات پر استوار ہے،اسے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے عدالت کی آزادی خطرے میں ہے ۔الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری کو فراموش کرکے جانبداری سے کام کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے کس کے اشارے پر بنگال میں 8مرحلے میں انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔کیا یہ مودی اور شاہ کے اشارے پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں اس عمر میں سیاست کے دلدل میں اس لئے آیا ہوں کہ ملک کو بچایا جاسکے ۔آج ملک سنگیں خطرات سے دوچار ہے ۔جمہوری روایات واقدار کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ ادارے اپنی آزادی سے محروم ہورہے ہیں۔یشونت سنہا نے کہاکہ ممتا بنرجی اور میں اٹل بہاری واجپئی کابینہ میں ساتھ کام کرچکے ہیں ۔انہوں نے قنددھار ہائی جیک کے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ ممتابنرجی نے خود ہی بندھک بن کرجانے کی پیشکش کردی۔انہوں نے کہاکہ ممتا بنرجی جدوجہد کرنے والی ہیں۔یشونت سنہا نے کہاکہ آج انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ایک ایک کرکے تمام اداروں کو کمزور کیا جارہا ہے ۔بیوروکریٹ سے سیاست داں بننے والے یشونت نے کہاکہ ممتا بنرجی کی قیادت میں ہم ملک کو بچائیں گے۔لوک سبھا میں ٹی ایم سی پارٹی کے لیڈر سدیپ بندواپادھیائے نے کہا کہ ہم یشونت سنہا کا اپنی پارٹی میں استقبال کرتے ہیں۔ ان کی شراکت داری بی جے پی کے خلاف ہماری لڑائی کو مضبوط کرے گی۔ واضح رہے کہ یشونت سنہا نے دو بار مرکزی وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ ایک بار 1990 میں چندر شیکھر کابینہ میں اور پھر واجپئی کی کابینہ میں، واجپائی کابینہ میں وزارت خارجہ کا پورٹ فولیو بھی سنبھالا۔بی جے پی کے سابق لیڈر یشونت سنہا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ترنمول کانگریس بہت بڑی اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ بنگال سے پورے ملک میں یہ پیغام جانا چاہئے کہ مودی اور شاہ دہلی سے جو کچھ چلا رہے ہیں اب ملک اسے برداشت نہیں کرے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS