سری نگر:، 17 اپریل (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے در گنائی گنڈ علاقے میں دوران شب ایک خاتون مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے تحقیقات شروع کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قصبہ ترال کے در گنائی گنڈ علاقے میں شکیلہ بانو زوجہ غلام نبی لون نامی ایک خاتون دوران شب گولی لگنے سے زخمی ہوئی جس کو اپنے شوہر اور سسرال والوں نے علاج و معالجے کے لئے نزدیک میں ہی واقع ایک ہسپتال آری پل پہنچایا جہاں سے اس کو سب ضلع ہسپتال ترال ریفر کیا گیا۔
بیان کے مطابق مذکورہ خاتون کے شوہر نے اصلی راز کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ڈاکٹروں سے اپنی بیوی کی بیماری پیٹ درد اور عارضہ قلب بتایا۔
پولیس ترجمان نے بیان میں کہا کہ شکیلہ بانو کو سب ضلع ہسپتال ترال سے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ گولی لگنے سے زخمی ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی آری پل پولیس چوکی کی ایک ٹیم مذکورہ خاتون کے سسرال پہنچی جہاں انہوں نے تلاشی کے دوران ایک گولی برآمد کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS