مسلم و عیسائیوں کو مذہب کی بنیاد پر حقوق سے محروم کرنا کہاں کا ہے انصاف : ڈاکٹر ایوب سرجن

0

پرتاپ گڑھ :(یواین آئی ) آزادی کی آج ہم 76ویں سالگرہ منا رہے ہیں ،مگر کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اس 76 سال میں کیا کھویا کیا پایا ؟ سیکولر ملک میں مذہب کی بنیاد پر دلت طبقے کے مسلم و عیسائیوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنا کہاں کا انصاف ہے ؟ لیکن کانگریس حکومت نے 1950 میں تعصب کے سبب دلت طبقے کے مسلم و عیسائیوں کو مذہب کی بنیاد پر دلت طبقے کو موصول آئینی حقوق سے محروم کرکے جو تفریق کی بنیاد ڈالی تھی ،آج اس سے فائدہ بی جے پی اٹھا رہی ہے ۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے دلت طبقے کے مسلم و عیسائیوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کے متعلقہ میں اپنے ردعمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مسلم و عیسائی طبقے کے دلتوں کو ان کے آئینی حقوق سے ایسے ہی نہیں ،بلکہ ایسے وقت میں محروم کیا گیا ،جبکہ انہیں ریزرویشن کی سخت ضرورت تھی ۔ کانگریس نے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت فرقہ وارانہ بنیاد پر مسلمانوں و عیسائیوں کو ان کے حقوق سے اس لئے محروم کیا کہ تاکہ وہ سیاسی ،اقتصادی طور پر کمزور رہیں ،جبکہ سکھ و بودھ کو ریزرویشن دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس جو ایک طویل عرصے تک اقتدار پر قابض رہ کر مسلمانوں کو دہشت زدہ کرکے ان کا ووٹ حاصل کرتی رہی ،مگر سہولت کے نام پر انہیں کیا دیا ،اس کی مثال وہ سچر کمیٹی کی رپورٹ ہے ،جس میں مسلمانوں کو دلتوں سے پسماندہ بتایا گیا ہے ۔کانگریس دلت طبقے کے مسلم و عیسائیوں کو ریزرویشن دے کر سیاسی و اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کی حامی نہیں تھی ،وہ چاہتی تھی کہ مسلم و عیسائی سیاسی و اقتصادی طور سے کمزور ہوں گے ،تو ان کے سیاسی غلام ہوں گے ،پوری سات دہائی تک کانگریس نے مسلمانوں و عیسائیوں کو سیاسی غلام بناکر جو استحصال کیا ،وہ کسی سے مخفی نہیں ہے ۔کانگریس سے وابستہ مسلم لیڈر صرف ایک سیاسی غلام کی طرح کام کرکے مسلمانوں کے استحصال پر خاموش رہتے تھے ،و الیکشن کے وقت کانگریس کی حمایت میں مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا کام کرتے رہے ۔کانگریس آج اقتدار سے ہٹنے کے بعد ایسے تڑپ رہی ہے ،جیسے بغیر پانی کے مچھلی تڑپتی ہے ۔کانگریس کی فرقہ وارانہ پالیسیاں ،جو آج بی جے بھنا رہی ہے ،یہ کسی سے مخفی نہیں ہے ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کسی بھی سیکولر پارٹی نے جو مسلم ووٹوں کے سہارے اقتدار پر قابض ہوتی رہی ہیں ،آج تک دلت طبقے کے مسلم و عیسائیوں کے حقوق کے متعلقہ میں آواز نہیں اٹھائی ،کہ انہیں بھی دوسرے دلتوں کی طرح سہولت دی جائے ۔پیس پارٹی ہمیشہ سے دلت طبقے کے مسلم عیسائیوں کے ریزرویشن کے لئے آواز اٹھا رہی ہے ،اور پارٹی اس کے لئے ملک میں تحریک چلائے گی ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS