ہندوستانی وزارت خارجہ کا اظہار تشویش
نئی دہلی(ایجنسیاں):امریکی بحریہ نے ہندوستان کی اجازت کے بغیر ہندوستانی سمندری علاقے میں پٹرولنگ کرکے ہندوستان کو حیرت میں ڈال دیاہے۔ امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے نے نہ صرف لکشدیپ کے قریب نیوی گیشن آپریشن کیا بلکہ سرکاری بیان جاری کرکے کہا کہ ہندوستان کی اجازت کے بغیر ایسا کیا جارہا ہے، کیونکہ ہندوستانی قانون بین الاقوامی سمندری قوانین کے خلاف ہے۔ امریکی بحریہ نے اپنے جاری بیان میںکہا کہ یو ایس ایس جان پال جانس (ڈی ڈی جی 53) جنگی جہاز نے ہندوستان کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) کے اندر لکشدیپ گروپ کے تقریباً 130 سمندری میل مغرب میں ہندوستان کی اجازت کے بغیر بین الاقوامی قانون کے مطابق آزادانہ طور سے نیوی گیشن کے اختیارپر عمل کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کو اپنے خصوصی اقتصادی زون میں کسی دوسرے ملک کے بحریہ کے ذریعہ مشق کیلئے رضامندی کی ضرورت ہے، لیکن یہ دعویٰ بین الاقوامی قانون کے برعکس ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی سمندری قوانین کے تحت سمندر میں 200ناٹیکل میل تک ہندوستان کا ایس ای زیڈ علاقہ ہے۔ یہاں کسی بھی بحریہ کے مشق کیلئے داخل ہونے سے پہلے ہندوستانی بحریہ سے اجازت لینی پڑتی ہے۔ تادم تحریرامریکہ کے ساتویں بیڑے کے ہندوستان کے ایس ای زیڈمیں نیوی گیشن پر ہندوستانی بحریہ کی جانب سے کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی بحریہ کے بغیر اجازت اس مشق پر ہندوستانی وزارت خارجہ نے تشویش کا اظہار کیاہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS