یوپی: 9 اضلاع میں انتخابی درجۂ حرارت میں اضافہ

0

شاہنواز احمد صدیقی
اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں دوسرے مرحلے کی پولنگ 14فروری کو ہونی ہے۔ اترپردیش کی 55سیٹوں پر الیکشن ہوگا۔ اترپردیش کے جن 55حلقوں میں الیکشن ہونے ہیں وہ 9اضلاع میں آتے ہیں۔ یہ اضلاع سہارنپور، بجنور، امروہہ،سنبھل، مراد آباد، رام پور، بریلی، بدایوں اور شاہجہاں پور ہیں۔ یہ اضلاع ایسے ہیں جہاں مسلمانوں کا زبردست غلبہ ہے اور زیادہ حلقوں میں مسلمان ہار جیت طے کرتے ہیں۔ سہارنپور پارلیمانی حلقہ میں 6اسمبلی حلقے ہیں۔ بیہٹ، سہارنپور شہر، سہارنپور، دیوبند اور رام پور منیہاران ہیں۔ ان میں رامپور منیہاران اسمبلی حلقہ محفوظ ہے۔ پارلیمانی سیٹ سے بی ایس پی کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نمائندگی کرتے ہیں۔ اس سیٹ پر دوسرے نمبر پر راگھو لیکھ پال رہے اور تیسرے نمبر پر عمران مسعود رہے۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ 2017 کے اسمبلی الیکشن میں بیہٹ اسمبلی سیٹ پر کانگریس کے نریش سینی کامیاب ہوئے تھے اس سے قبل سولہویں اسمبلی میں بی ایس پی کے مہاویر رانا جیتے تھے۔ سہارنپور شہر سیٹ پر پچھلی مرتبہ سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر سنجے گرگ نے جبکہ اس سے قبل یہی سیٹ بی جے پی کے راجیو گمبر نے (ضمنی الیکشن میں) جیتی تھی۔ 2012میں بی جے پی کے راگھو لیکھ پال کامیاب ہوئے تھے۔ سہارنپور اسمبلی سیٹ پر 2017میں مسعود اختر، 2012 میں یہ سیٹ بی ایس پی کے جگ پال نے جیتی تھی۔ اس سے قبل پندرہویں اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پر راگھو لیکھ پال جیتے تھے۔ اس مرتبہ 2022میں سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر آشو ملک بی ایس پی کے ٹکٹ پر عجائب سنگھ اور بی جے پی کے ٹکٹ پر جگ پال سنگھ کھڑے ہیں۔ دیوبند اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے ٹکٹ پر برجیش سنگھ کامیاب ہوئے تھے اور 2012 کے ضمنی الیکشن میںکانگریس کے مہاویر علی جیتے تھے جبکہ سماجوادی پارٹی کے امیدوار مینا سنگھ دوسرے نمبر پر آئے تھے۔
شاہجہاں پور ضلع اور پارلیمانی حلقہ میں 6اسمبلی حلقے ہیں۔ یہ حلقے کٹرہ، جلال آباد، تلہر، پوایان، شاہجہاں پور اور دادل ہیں۔ کٹرہ اسمبلی سیٹ پر فی الحال سماجوادی پارٹی کا قبضہ ہے۔ 2017 میں سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر راجیش یادو منتخب ہوئے تھے اور بعد میں ضمنی الیکشن میں راجیس یادو ایس پی سے کامیاب ہوئے تھے۔ 2012 میں بھی سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر راجیش یادو منتخب ہوئے۔ انہوں نے بی ایس پی کے امیدوار راجیو کشیپ کو ہرایا تھا۔ کانگریس کا امیدوار تیسرے نمبر پر رہا تھا۔ جلال آباد اسمبلی حلقہ سے سماجوادی پارٹی امیدوارشرد ویر سنگھ کامیاب ہوئے۔ 2012میں بی ایس پی کے نیرج کشواہا کامیاب ہوئے تھے جبکہ سماج وادی پارٹی امیدوار شرد ویر سنگھ دوسرے نمبر پر رہے۔ تلہر اسمبلی حلقہ سے 2017میں بی جے پی امیدوار روشن لال ورما جیتے تھے۔ 2012 میں بھی روشن لال ورما بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر جیتے تھے۔
پوایان اسمبلی سیٹ شیڈولڈ کاسٹ کے لیے محفوظ ہے۔ موجودہ ایم ایل اے بی جے پی کے چیت رام پاسی ہیں۔ 2012میں یہ سیٹ سماجوادی پارٹی کی امیدوار سکنیا دیوی نے جیتی تھی۔ شاہجہاں پور اسمبلی حلقہ سے سریش کھنہ بی جے پی کے ٹکٹ پر جیتے تھے۔ دوسرے نمبر پر سماجوادی پارٹی کے امیدوار تنویر خان آئے تھے جبکہ تیسرا نمبر بی ایس پی کا امیدوار محمد اسلم خان تھے۔ 2017 میں بھی تنویر عالم دوسرے اور محمد اسلم خان تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
دادرل میں 2017 میں منویندر سنگھ بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتے تھے۔ دوسرے نمبر پر سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر رام مورتی سنگھ ورما اور تیسرے نمبر پر بی ایس پی کے رضوان احمد رہے تھے۔ 2012 میں رام مورتی سنگھ ورما سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتے تھے۔ دوسرے نمبر پر بی ایس پی سے رضوان علی اور تیسرے نمبرپر اودھیش کمار ورما رہے تھے۔
شاہجہاں پور پارلیمانی حلقہ جیتن پرساد اور ان کے والد جتیندر پرسادکا حلقہ ہے۔ جیتن پرساد 1999 اور 2004 میں کانگریس کے ٹکٹ پر ایم پی ہوئے تھے۔ اس وقت ارون ساگر ، 2014میں کرشن راج ایم پی ہیں اور اس سے قبل 2009 میں متھلیش کمار سماجوادی پارٹی سے کامیاب ہوئے تھے۔
مراد آباد پارلیمانی سیٹ میں 5 اسمبلی حلقے آتے ہیں۔ ان حلقوں میں بڑھا پور، کانٹھ، ٹھاکر دوار، مراد آباد (دیہی) اور مراد آباد شہر آتے ہیں۔ بڑھا پور پر بی جے پی کے کنورستنا سنگھ، کانٹھ سے راجیش کمار سنگھ (بی جے پی)، ٹھاکر دوار سے نواب جان کامیاب ہوئے تھے، جبکہ مراد آباد (دیہی) سے حاجی اکرام قریشی، مراد آباد شہر سے رمیش کمار گپتا جیتے تھے۔ خیال رہے کہ مراد آباد پارلیمانی حلقہ سے 2019 ڈاکٹر ایس ٹی حسن سماجوادی پارٹی سے جیتے تھے۔ اس سے قبل 2014 میں یہ سیٹ بی جے پی کے پاس تھی اور کنور سروش کمار سنگھ ایم پی تھے۔ 2009 میں کانگریس کے محمد اظہرالدین نے سیٹ جیتی تھی۔ امروہہ پارلیمانی حلقہ میں 5اسمبلی حلقے دھنورہ، نوگاواں سادات، امروہہ، حسن پور اور گڑھ مکتیشور ہیں۔ دھنورہ (ایس سی) سے راجیو نارائن بی جے پی سے، نوگاواں سادات سے سنگیتا چوہان بی جے پی سے، حسن پور سے مہندر سنگھ کھاد ونشی اور گڑھ مکتیشور سے کمل سنگھ جیتے تھے۔ کنور دانش علی بی ایس پی کے ٹکٹ پر ایم پی منتخب ہوئے تھے، جبکہ 2014میں کنور سنگھ تنور بی جے پی سے منتخب ہوئے تھے۔ 2009 میں دیویندر ناگ پال آر ایل ڈی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
بجنور لوک سبھا اسمبلی میں 5اسمبلی سیٹیں ہیں۔ پرقاضی، میراپور، بجنور، چاند پور اور ہستیناپور ہیں۔ اس وقت پرقاضی سیٹ پر بی جے پی کے پرمود اتوال کا قبضہ ہے۔ اس سے پہلے یہ سیٹ بی ایس پی کے انل کمار کے پاس تھی۔ اس مرتبہ انل کمار آر ایل ڈی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ میراں پور سے اوتار سنگھ بڑھانا ایم ایل اے ہیں۔ بجنور اسمبلی سیٹ پر سوچی چودھری بی جے پی سے منتخب ہوئی تھیں۔ چاند پور سے 2017 میں بی جے پی کے کملیش سینی منتخب ہوئے تھے، جبکہ ہستیناپور سے بی جے پی کے ٹکٹ پر دنیش کھٹیک منتخب ہوئے تھے۔
رامپور میں سیاسی ٹکر کانٹے کی ہے۔ ممبر پارلیمنٹ اعظم خاں رامپور اسمبلی حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ اس پارلیمانی حلقہ میں 5اسمبلی سیٹیں ہیں۔ سوار، چمروہ، بلاس پور، رامپور اور ملک۔ سوار سے پچھلی مرتبہ اعظم خاں کے بیٹے عبداللہ اعظم کھڑے ہوئے تھے۔ اس مرتبہ بھی وہ میدان میں ہیں ان کے خلاف اپنا دل کے امیدوار حیدر عرف حمزہ میدان میں ہیں۔2012میں نواب کاظم علی کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن جیتے تھے۔ نواب کاظم علی رامپور اسمبلی سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ رامپور اسمبلی حلقہ سے اعظم خاں کی بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ ایم ایل اے ہیں۔ اعظم خاں اور کاظم علی خاں میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ 2017میں چمروہ سے نصیر احمد خاں سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ سے الیکشن جیتے تھے۔ اس سے قبل 2012میں بی ایس پی کے کٹ پر یوسف علی جیتے تھے۔ ملک حلقہ سے 2017میں بی جے پی کی راج بالا نے الیکشن لڑا تھا۔ اس مرتبہ راج بالا کے خلاف ایس پی کے وجے سنگھ اور بی ایس پی کے مہندر سنگھ ساگرالیکشن لڑ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS