یکساں سول کوڈ پورے ملک میں نافذ کیا جانا چاہیے :اروند کجریوال

0

بھاونگر، (پی ٹی آئی) : دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو نافذ کرنے کے لیے گجرات میں کمیٹی تشکیل کرنے کے قدم پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سرکار کی نیت پر اتوار کو سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی ایسا کرنا چاہتی ہے تو اسے پورے ملک میں نافذ کیا جانا چاہیے۔ کجریوال نے پوچھا کہ کیا بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار اس سمت میں قدم اٹھانے کے لیے لوک سبھا الیکشن کا انتظار کر رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اپنے گجرات دورے کے تیسرے دن بھاونگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سال اواخر میں ہونے والے 182 رکنی اسمبلی الیکشن کے مدنظر الیکشن کمیشن اس ہفتہ انتخابی پروگرام کا اعلان کر سکتا ہے۔ گجرات سرکار نے ہفتہ کو کہا تھا کہ یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کے مقصد سے ہائی کورٹ کے سبکدوش جج کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے کہا تھا کہ الیکشن کے لیے مثالی ضابط اخلاق نافذ ہونے سے پہلے کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی۔ گجرات کے وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہرش سنگھوی نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ آئین کے حصہ4- کے آرٹیکل 44 کے التزامات کے مطابق لیا گیا تھا جو ریاستی سرکار سے سبھی شہریوں کے لیے یکساں قانون نافذ کرنے کی توقع کرتا ہے۔
گجرات سرکار کے فیصلے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کجریوال نے کہا کہ ’ان کی نیت خراب ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’آئین کے آرٹیکل 44 میں یہ صاف صاف لکھا ہے کہ یکساں سول کوڈ بنانا سرکار کی ذمہ داری ہے۔ سرکار کو یکساں سول کوڈ بنانا چاہیے اور یہ ایسا بننا چاہیے جس میں سبھی کمیونٹیوں کی رضامندی ہو۔‘ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے اتراکھنڈ اسمبلی الیکشن سے پہلے بھی اسی طرح کی کمیٹی بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتراکھنڈ الیکشن جیتنے سے پہلے ایک کمیٹی بنائی جو جیتنے کے بعد اپنے گھر چلی گئی۔ اب گجرات کے الیکشن سے کچھ دن قبل ایک کمیٹی بنائی اور اس کے ارکان بھی الیکشن کے بعد اپنے گھر چلے جائیں گے۔‘ کجریوال نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں ایسی کوئی کمیٹی کیوں نہیں بنائی گئی۔ انہوں نے پوچھا کہ ’اگر ان کی (بی جے پی کی) نیت یکساں سول کوڈ بنانے کی ہے تو یہ اسے پورے ملک میں کیوں نہیں نافذ کرتے؟ لوک سبھا الیکشن کا انتظار کر رہے ہیں کیا؟‘ ’آپ‘ کے قومی کنوینر نے کہا کہ ’تو پہلے آپ ان سے پوچھنا کہ کجریوال کہہ رہے ہیں کہ آپ کو یکساں سول کوڈ نافذ کرنا ہی نہیں ہے، آپ کی نیت خراب ہے۔‘ انتخابی ریاست گجرات کے اپنے دورے کے تیسرے دن کجریوال نے مقامی کولی کمیونٹی کے لیڈر اور سماجی کارکن راجو سولنکی کا عام آدمی پارٹی میں خیر مقدم کیا جو اپنے بیٹے برج راج سنگھ سولنکی کے ساتھ پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ کولی کمیونٹی دیگر پسماندہ طبقہ کے تحت آتا ہے اور ریاست کے مختلف حصوں میں اس کمیونٹی کے لوگوں کی خاطر خواہ تعداد ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS