فنگس کے نئے اسٹرین کی دہلی میں دستک،2کی موت

0
pipanews.com

نئی دہلی (ایجنسیاں) : کورونا کا قہر ابھی ملک سے ختم نہیں ہوا ہے کہ فنگس کے ایک خطرناک اسٹرین نے ملک میں دستک دے دی ہے۔ ایمس اسپتال میں اس نئے اسٹرین کے 7مشتبہ میں سے 2مریضوں میں تصدیق ہونے کے بعد اب تک ان کی موت ہوچکی ہے۔ دیگر 5 کی جانچ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایمس میں ڈپارٹمنٹ آف مائیکرو بائیولوجی یونٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وجے کمار گوجر کے مطابق ایسپرگلس لینٹولس نام کے اس فنگس نے ایمس کے ڈاکٹروں کو بھی حیران کردیاہے۔ ملک میں پہلی بار اس فنگس اسٹرین کے مریض ملے ہیں۔ پریشانی کی بات تو یہ ہے کہ اس پر کسی دوا کا کوئی اثر نہیں ہوتا ہے۔ یہ دوا کے اثر کو بھی پوری طرح بے اثر کردیتاہے۔ جن 2مریضوں میں یہ اسٹرین پایا گیا تھا، ان دونوں مریضوں کی حال ہی میں موت ہوگئی ہے۔ دونوں مریضوں کو ’کرونک آبسٹریکٹیو پل مونری ڈیزز‘ کی پریشانی ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایاگیاتھا۔ پلمونری ڈیزز پھیپھڑے سے متعلق ایک بیماری ہے، جس میں جسم کے اندر جانے والی ہوا کا فلو کم ہوجاتاہے اور سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔ اس بیماری کے ہونے کے بعد مریضوں کی موت ہونے کا امکان کافی بڑھ جاتا ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا انفیکشن معاملے کم ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ پچھلے 2دنوں کے ریکارڈ پر غور کریں تو شرح اموات میں 121 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ 15نومبر کو ملک بھر میں 197 کورونا مریضوں کی موت ہوئی تھی، تو وہیں 23 نومبر کو یہ بڑھ کر 437 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا کے تیسرے لہر کے خدشہ کے پیش نظر مرکز نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔ وزارت صحت نے جمعرات کو 13 ریاستوں کو خط لکھ کر کورونا جانچ کی کم ہوتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کی آدھی رات تک ملک میں کورونا وائرس کے 9119نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 45لاکھ 44ہزار 882ہو گئی ہے ۔ اس دوران 90لاکھ 27ہزار 638 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 19کروڑ 38لاکھ 44ہزار 741افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز 10264مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 39لاکھ 67ہزار 962ہو گئی ہے۔ کورونا کے ایکٹیو کیسز 1541 سے گھٹ کر 109940رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 396مریضوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 66ہزار 980ہو گئی ہے ۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 0.32فیصد، صحت یابی کی شرح 98.33فیصد اور اموات کی شرح 1.35فیصد ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS