پلوامہ میں مسلح تصادم میں دو جنگجو ہلاک

0
image:indianexpress.com

سری نگر: (یو این آئی) جنوبی ضلع پلوامہ کے کھریو پانپور میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے کھریو پانپور علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے’۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھریو پانپور میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پرجموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے جمعرات کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں دو جنگجوئوں کو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS