تین طلاق قانون اور مسلم پرسنل لاء بورڈ

0

ایڈووکیٹ ابوبکر سباق سبحانی

ہمارے ملک میں تین طلاق قانون پاس ہونے کے دو سال پورے ہونے پر مرکزی حکومت کے ذریعہ یکم؍اگست 2021کو ’’یوم حقوق برائے مسلم خواتین‘‘ منانے کے فیصلے کے بعد تین طلاق کے تناظر میں بنایاگیا قانون ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ تین طلاق قانون موجودہ مرکزی حکومت نے یکم؍اگست2019کو پارلیمنٹ میں پاس کیا تھا، اس قانون کے تحت اگر کوئی مسلم شوہر اپنی بیوی کو ایک ہی مجلس میں تین طلاق دے کر ازدواجی رشتے کو ایک بار میں ہی ختم کرتا ہے تو اس مسلم شوہر کو تین برس تک کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ اس قانون کے پاس ہوتے ہی بہت سے اعتراض ہوئے، مخالفین کا یہ اعتراض یقینا اہمیت کا حامل ہے کہ جب ہمارے ملک میں کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے لیے طلاق کے معاملے میں کسی بھی قانون کے تحت سزا کی تجویز نہیں ہے تو پھر صرف مسلم شوہروں کو طلاق کی کسی بھی شکل میں سزا کی تجویز کیسے اور کیوں کر متعین کی جاسکتی ہے جب کہ مسلم شادی ایک سول کنٹریکٹ ہے اور سول کنٹریکٹ میں دونوں فریق میں سے کسی بھی فریق کو اس کنٹریکٹ(معاہدے) سے الگ ہونے کی آزادی ہوتی ہے۔ اس قانون کے مخالفین کا ایک اہم اعتراض یہ بھی ہے کہ یہ قانون مسلمانوں کے پرسنل لاء یعنی عائلی قوانین میں دخل اندازی ہے اور اس دخل اندازی کے ذریعے مسلمانوں کے داخلی و شرعی قوانین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مسلم پرسنل لاء یا عائلی قوانین میں دخل اندازی کی شروعات خصوصاً1985میں محمد احمد خان بنام شاہ بانو و دیگر کے تاریخی فیصلے سے ہوتی ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ آف انڈیا کے پانچ قابل ججوں کی بنچ نے کچھ اہم سوالات اٹھائے تھے۔ مقدمے کے مطابق پیشے سے وکیل محمد احمد خان کی1932میں شاہ بانو سے شادی ہوئی،3بیٹے اور2بیٹیوں کی ماں شاہ بانو کو ان کے شوہر 1975میں گھر سے نکال دیتے ہیں، جس کے بعد اپریل 1978 کو شاہ بانو کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ125کے تحت نان نفقہ کے لیے عدالت کا رخ کرتی ہیں، 6؍نومبر 1978 کو محمد احمد خان اپنی بیوی شاہ بانو کو طلاق دے دیتے ہیں اور عدالت میں یہ دفاع پیش کرتے ہیں کہ چونکہ شاہ بانو کو وہ طلاق دے چکے ہیں اور ان کی بیوی نہیں ہیں، اس بنیاد پر نان نفقہ کی ذمہ داری ان کے اوپر نہیں ہوتی ہے۔ اس سے قبل1979اور1980کے دو فیصلوں میں سپریم کورٹ کی تین جج پر مبنی بنچ یہ فیصلہ کرچکی تھی کہ تمام مذاہب کے ساتھ مسلم مذہب کے افراد بھی کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ125 کے تحت ہی نان نفقہ کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں، جبکہ کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ127(3) کے تحت مسلم پرسنل لاء کو علیحدہ رکھا گیا تھا نیز مسلم پرسنل لائ(شریعت) ایپلی کیشن ایکٹ1937کی دفعہ2کے تحت فراہم تحفظ کا بھی خیال نہیں کیا گیا تھا، ان وجوہات کی بنا پر شاہ بانو مقدمہ پانچ جج کی بنچ کے ذریعہ سنا گیا۔ اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے جو سوالات اٹھائے وہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے یقینا قابل غور ہونے چاہیے تھے، وہ سوال تھے کہ کیا مسلم شوہر بغیر کسی مناسب وجہ کے اپنی مرضی سے کسی بھی وقت غصے، نشے یا کسی بھی وجہ سے بنا کوئی وجہ بتائے اپنی بیوی کو طلاق دے سکتا ہے؟ کیا طلاق دینے سے پہلے صلح مصالحت کی کوشش کرنی ضروری نہیں ہے؟ کیا طلاق دینے کے بعد مسلم شوہر کی اپنی بیوی کے لیے کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی کہ وسائل و ذرائع ہونے کے باوجود وہ بنا کوئی اسکیم یا پالیسی بنائے مہر کی رقم کو نان و نفقہ کی رقم کے طور پر ادا کرکے اپنی تمام تر ذمہ داریوں سے آزاد ہوجائے؟ اپنے فیصلے کو مکمل کرنے سے پہلے سپریم کورٹ نے شاہ بانو فیصلے میں پاکستان حکومت کے ذریعے بنائے گئے کمیشن برائے شادی و خاندانی قوانین کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے تحریر کیا کہ ’’درمیانی عمر کی خواتین کی ایک بڑی تعداد کو بغیر کسی وجہ اور سبب کے طلاق دے دی جاتی ہے، ہم بے سروسامانی اور بغیر سر پر چھت کے یوں سڑک پر ان کو اور ان کے بچوں کو نہیں پھینک سکتے ہیں۔

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ جو کہ ملک کے تمام مسلمانوں کا ترجمان، رہنما اور نمائندہ پلیٹ فارم ہونے کا دعویٰ کرتا ہے وہ طلاق ثلاثہ نیز نکاح حلالہ جیسے اہم مسائل پر کوئی پیش قدمی کرنے میں اب تک ناکام کیوں رہا؟ طلاق ایک سماجی مسئلہ ہے، لیکن ایک سماجی مسئلہ کو سیاسی مسئلہ بنانے پر غور کرنا ضروری ہے۔

شاہ بانو کے فیصلے کے بعد پورے ملک میں زبردست احتجاجات و مذاکرے ہوئے۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مسلم شریعت کی پاسبانی و پاسداری کی ذمہ داری اٹھائی۔ یہ بورڈ ہمارے ملک کے مذہبی قائدین، علمائے کرام، ماہرین قوانین، الگ الگ مکتبہ فکر و مسلک کی جماعتوں و اداروں کے رہنماؤں پر مبنی ہے جس میں تقریباً آٹھ سو سے زائد ارکان ہیں، جو اسلامک شریعہ یا عائلی قوانین سے متعلق مسائل پر مسلم امت کی سربراہی و رہنمائی کے ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں۔ اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ شادی مذہبی معاملہ کے ساتھ ہی ایک سماجی رشتہ بھی ہے، لیکن اپنی بیوی کو طلاق دینا کسی بھی مذہب کے مقابلے میں مسلمانوں میں سب سے آسان ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ جاہلیت عام ہونے کی وجہ سے اس کا غلط استعمال بھی ایک عام بات ہوگئی ہے۔ ہندوستان کے آئین و قوانین میں مسلم عورت کو طلاق کے سلسلے میں کسی بھی طرح کا قانونی تحفظ فراہم نہیں کیاگیا ہے، شادی، طلاق یا وراثت جیسے اہم معاملات مسلم پرسنل لاء ایکٹ1937کے تحت طے کیے جاتے ہیں۔
سب سے اہم سوال یہ ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ جو کہ ملک کے تمام مسلمانوں کا ترجمان، رہنما اور نمائندہ پلیٹ فارم ہونے کا دعویٰ کرتا ہے وہ طلاق ثلاثہ نیز نکاح حلالہ جیسے اہم مسائل پر کوئی پیش قدمی کرنے میں اب تک ناکام کیوں رہا؟ طلاق ایک سماجی مسئلہ ہے، لیکن ایک سماجی مسئلہ کو سیاسی مسئلہ بنانے پر غور کرنا ضروری ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتخابی منشور میں تین طلاق کے خلاف قانون لانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔تین طلاق پر قانون بنا تو چند علما کے اخباری بیانات کے علاوہ کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔ عوام سے ملی و مذہبی تنظیموں کی دوری کے نتائج ہی ہیں کہ پورے ملک میں منظم مسلم عوامی تحریک قائم نہیں ہوسکی، جب کہ دوسری طرف لاکھوں مسلم خواتین کی نمائندگی کے دعوے کے ساتھ متعدد سماجی تنظیمیں قائم ہوئیں جن میں بھارتیہ مسلم مہیلا آندولن اور وومن کلیکٹیو کے نام نمایاں ہیں۔ ان تنظیموں نے تین طلاق و غیر اسلامی حلالہ کے واقعات کو منظرعام پر لانا شروع کردیا، سیکڑوں حادثات میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنتے رہے لیکن ان تشویشناک حالات میں بھی مسلم قوم کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اصلاح کی کوئی بھی سنجیدہ کوشش نہیں کی، جب کہ سماجی تنظیموں کی جانب سے لاکھوں مسلم خواتین نے خطوط بھیج کر حکومت ہند سے مسلم خواتین کو طلاق کے غیر اسلامی و غیر شرعی استعمال سے تحفظ کے لیے خطوط بھیجے، اسی غیرسنجیدگی کی وجہ سے سپریم کورٹ نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران تین طلاق کو غیر قانونی قرار دیا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ قانونی و دستوری اصول و ضوابط کے خلاف ہے، حکومت کی منشا پر بھی سوالات اٹھائے جاسکتے ہیں، لیکن گزشتہ چار دہائیوں میں مسلم پرسنل لاء بورڈ و دیگر ملی و مذہبی جماعتوں کا خواب غفلت میں مست رہنا نیز عوام و عوامی مسائل کو نظر انداز کرکے عوامی ساکھ کو کمزور کردینا بھی ایک ایسا جرم ہے جس کو آنے والا کل کبھی فراموش نہیں کرسکے گا، مودی سرکار نے کم از کم یہ تو ثابت کردیا کہ مسلم خواتین کے لیے وہ نام نہادمسلم پرسنل لاء بورڈ و دیگر ملی جماعتوں سے زیادہ سنجیدہ ہے اور مسلم خواتین کی اکثریت طلاق کے بیجا استعمال سے تحفظ چاہتی ہے جو اس کو موجودہ حکومت نے فراہم کیا ہے، ایماندار تو کوئی نہیں ہے۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS