روایتی حریف برازیل اورارجنٹینا کوپا امریکہ کپ کے لئے جنگ

0
telecomasia.net

ریو ڈی جنیرو (ایجنسیاں) : روایتی حریف برازیل اور ارجنٹینا ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔اتوار کی صبح 5.30بجے کوپا امریکہ کے فائنل میچ کے لیے دنیا بھر کے فٹ بال شیدائیوں میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ اس میں دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی اور نیمار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ دفاعی چمپئن برازیل کو ایک بار پھر خطاب دلانے میں نیمار کا کردار جہاں اہم ہوگا وہیں لیونل میسی بھی ٹیم کو جیت دلانے میں اہم رول نبھائیں گے۔
دنیا کے تجربہ کار اور بہترین اسٹرائیکر لیونل میسی اب تک ملک کے لیے کوئی بڑی ٹرافی نہیں جیت پائے ہیں۔ مسلسل تین بار کوپا امریکہ کے فائنل میں پہنچنے کے باوجود میسی کی قیادت والی ٹیم خطاب حاصل نہیں کرپائی۔ میسی کے پاس اب آخری بار اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کا موقع ہوگا کیونکہ اس کے بعد شاید ان کا فٹ بال کیریئر ختم ہوجائے۔
میسی پر دنیا کے سب سے مشکل دفاع میں شگاف ڈالنے کی ذمہ داری ہوگا۔ نیمار کی برازیل نے کوپا امریکہ کے چھ میچوں میں صرف دو گول کھائے ہیں۔ تجربہ کار تھیاگو سلوا ، مارکوینہوس اور ایڈر ملیٹاؤ باری باری سے کھیل رہے ہیں تاکہ زخمی ہونے سے بچ سکیں۔ مڈ فیلڈرز کیسیرمو اور فریڈ فارم میں ہیں۔ رائٹ بیک ڈینیلو اور لیفٹ بیک ریننن لودی سے بچنا آسان نہیں ہوگا۔
یہ کھلاڑی برازیل میں عین موقع پر ٹورنامنٹ کے انعقاد کے فیصلے سے ناراض تھے، لیکن اب ان کا واحد مقصد فائنل سے قبل میسی کے ارجنٹائن کو ہرا دینا ہے۔
کیسیمرو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’میسی جس زون میں کھیلتا ہے ، میں بھی اسی زون میں کھیلتا ہوں۔ ہم کئی بار آمنے سامنے ہوئے ہیں۔ میں اکیلے کسی کھلاڑی کو نشانہ نہیں بنا سکتا۔ یہ بطور ٹیم کیا جاتا ہے۔ ہم صرف ایک کھلاڑی کو نشانہ نہیں بناتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا ’’نیمار ، رچر لیسن سے لے کر گول کیپر تک ، ٹیم میں 11 کھلاڑی موجود ہیں اور وہ سب دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ حملہ کرتے ہیں۔‘‘
دوسری جانب ارجنٹائن نے میسی کو بچانے کا ایک راستہ تلاش کرلیا ہے۔میسی پر خاص دبائو نہ ہواس کے لیے مڈفیلڈرس روڈریگو ڈی پال اور جیوانی لو سیلسو ان کے گرد دائرہ بنائیں تاکہ حریف ان کو زیادہ پریشان نہ کرسکیں۔ اس کے ساتھ ، لوٹارو مارٹنیز اور نیکو گونزالس کو اچھی پاس دینے پر بھی توجہ کررہے ہیں۔میسی اس ٹورنامنٹ میں اب تک چار گول کر چکے ہیں اور پانچ میں معاون کردار ادا کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلے ہی کہا ہے کہ ان کا خواب ارجنٹائن کے لئے اعزاز جیتنا ہے۔ وہ قومی ٹیم کے لئے بارسلونا فارم میں کھیل رہے ہیں۔
آخری بار برازیل نے کوپا امریکہ 2019 سیمی فائنل میں ارجنٹائن کو شکست دی تھی۔ نیمار انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔ اس میچ کے بارے میں کریز کچھ یوں ہے کہ برازیل کے صدر جیر بولسنارو نے ایک آن لائن ملاقات میں ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈس سے کہا ’’مجھے معلوم ہے کہ نتیجہ کیا نکلے گا،5-0‘‘۔فرنانڈیز اس پر ہنس پڑے۔آپ کو بتادیں کہ کوپا امریکہ کا خطاب سب سے زیادہ یوروگوائے نے 15مرتبہ جیتا ہے جبکہ ارجنٹینا نے اسے 14مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ وہیں برازیل صرف 9مرتبہ اس ٹرافی پر قبضہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS