سنگرونی پلوامہ میں آتشزدگی تین مکانات خاکستر 5 اہلکار زخمی

0

سری نگر: (یو این آئی) جنوبی ضلع پلوامہ کے نچان دجن سنگرونی علاقے میں آگ کی واردات کے دوران دو ر ان تین مکانات خاکستر ہوئے جبکہ فائر اینڈ ا یمرجنسی گاڑی کو راستے میں ہی حادثہ پیش آیا جس وجہ سے اُس میں سوار پانچ فائر مین معمولی طورپر زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یکم اور دو جنوری کی درمیانی رات کو پلوامہ کے مضافاتی علاقے نچا ن دجن سنگرونی میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اس بارے میں مطلع کیا جس کے بعد کیلر اسٹیشن سے ایک گاڑی سنگرونی کی طرف روانہ ہوئی تاہم ہلکی برف باری کے باعث شاہراہ پر پھسلن کے نتیجے میں فائر ٹینڈر کو ابہامہ کے نزدیک حادثہ پیش آیا جس وجہ سے گاڑی میں سوار پانچ فائر مین معمولی طورپر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد دیگر فائر اسٹیشنوں جن میں پکھر پورہ اور دربگام شامل ہیں سے گاڑیاں سنگرونی وانی پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پایا گیا۔ آگ کی اس واردات کے دوران تین یک منزلہ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ نچان دجن سنگرونی میں آگ بجھانے کی خاطر کیلر اسٹیشن سے ایک گاڑی اتوار اعلیٰ الصبح نکلی جس کو ابہامہ کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی میں پانچ فائر مین سوار تھے جو معمولی طورپر زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے رخصت کیا گیا۔
مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ شاہراہ پر پھسلن کے باوجود بھی فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں نے اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر جنگلی علاقے پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ اُن کے مطابق جب تک فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار وہاں پہنچے آگ سے یک منزلہ تین ڈھانچوں کو نقصان پہنچا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS