رواں ماہ کے آخر تک ٹریک بچھانے کا کام ہوسکتا ہے پورا

0
image:RRS

نئی دہلی (ایس این بی) : پنک لائن کے ترلوک پوری میٹرو سیکشن پر جلدی کام پورا کرنے کے لیے ڈی ایم آر سی نے روایتی کنکریٹ گارڈروں کے بجائے اسٹیل گارڈروں کا استعمال کرتے ہوئے تعمیری کام کا ایک الگ طریقہ اپنایا ہے۔ کنکریٹ گارڈروں کی تعمیر کے لیے کاسٹنگ یارڈ قائم کرنے کی ضرورت پڑتی اور اتنے چھوٹے سیکشن کے لیے کام وقت میں کاسٹنگ یارڈ قائم کرنا عملی نہیں ہوتا۔اس لیے اس سیکشن پر اسٹیل گارڈر انسٹال کئے گئے ہیں۔ اس 290 میٹر طویل سیکشن پر 10 اسپین کے درمیان 40 اسٹیل گارڈر لگائے گئے ہیں۔ یہ اسٹیل گارڈر انبالہ واقع ایک ورک شاپ میں تیار کرکے یہاں لائے گئے ہیں۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ کنکریٹ گارڈر بنانے کے لیے ایک الگ کاسٹنگ یارڈ بنانے کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ ان گارڈروں کی لمبائی 16 سے لے کر 38 میٹر کے درمیان ہے۔ پل کی اونچائی تقریباً 8 سے لے کر 9.5 تک ہے۔اس سے پہلے چھترپور میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کے لیے بھی دہلی میٹرو نے اسٹیل اسٹرکچر کا استعمال کرتے ہوئے یہی طریقہ اپنایا تھا، کیونکہ اس اسٹیشن کی تعمیر میں بھی زمین حاصل کرنے کے معاملوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی۔ اسٹیل گارڈروں کو قائم کئے جانے اور ڈیک اسلیب کی کاسٹنگ کا کام اپریل مہینے میں کووڈ وبا کی دوسری لہر آنے سے پہلے پورا کیا جاچکا تھا۔ یہ ایک اہم کامیابی تھی کیونکہ اس سیکشن کے سول تعمیری کام 2020 کے ابتدا میں شروع کئے گئے تھے اور وبا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن اور مزدوروں کے مہیا نہ ہونے جیسے معاملوں کی وجہ سے ان کاموں کو بار بار روکنا پڑا۔ اب میور وہار پاکیٹ1 اور ترلوک پوری سنجے لیک کے درمیان والے سیکشن پر سول کام پورے ہوجانے کے بعد ٹریک بچھانے اور دیگر معاون کام شروع کئے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ اوور ہیڈ الیکٹرفکیشن کا کام بھی جاری ہے۔ ڈی ایم آر سی کے مطابق اسی ماہ کے آحر تک ٹریک بچھانے کا کام پورا ہونے کی امید ہے۔ اس کے بعد ابتدائی ٹرائل شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ اس سیکشن پر کام کو جلد سے جلد نمٹائے جانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ سبھی متعلقہ افسران سے ضروری کلیئرنس ملنے کے فوراً بعد اس سیکشن کو شر وع کردیا جائے گا۔ کام پورا ہوجانے کے بعد یہ سیکشن پنک لائن کے دونوں طرف سے جڑ جائے گا اور قومی راجدھانی خطہ کی دور دراز تک پھیلی بستیوں کے لیے ہموار کنکٹویٹی مہیا کرائے گا۔ ڈی ایم آر سی ترجمان انوج دیال کے مطابق اس کوریڈور کے توسط سے اہم ٹرانسپورٹ ہب جیسے نظام الدین ریلوے اسٹیشن، سرائے کالے خاں، آئی ایس بی ٹی، آنند وہار ریلوے اسٹیشن، آنند وہار آئی ایس بی ٹٹی، دہلی کینٹ ریلوے اسٹیشن اور دہلی ہاٹ آئی این اے، سروجنی نگر اور لاجپت نگر جیسے اہم مارکیٹ سیدھے آپس میں جڑ جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بعد میں اس کوریڈور کو فیز-4 میں مجلس پارک سے موجپور تک بڑھایا جائے گا، جس سے یہ تقریباً 70 کلو میٹر لمبائی والا ہندوستان کا سب سے بڑا سنگل میٹرو کوریڈور بن جائے گا۔ فیز-4 کا کام پورا ہونے پر پنک لائن بھی ملک کی میٹرو میں پہلا رنگ کوریڈور بن جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS