ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں 31مئی سے اَن لاک کا عمل شروع

0

نئی دہلی (ایس این بی) :دہلی اور یوپی سمیت 10سے زیادہ ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا ایک ماہ سے زیادہ وقت گزر چکا ہے۔ ان
ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں توسیع کی جائے گی یا پھر پابندیوں میں نرمی برتی جائے گی، اس پر سب کی نظر ہے۔ دہلی -یوپی سمیت
کئی ریاستوں نے اشارہ دیاہے کہ یکم جون سے لاک ڈاؤن میں رعایت مل سکتی ہے، جبکہ پنجاب-راجستھان سمیت کئی ریاستوں نے
جون کے پہلے ہفتے سے کورونا سے متعلق پابندیاں بڑھا دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی قیادت میں دہلی سرکار نے معاشرے کے غریب طبقے کو مدنظر رکھتے ہوئے پیر سے فیکٹری اور
تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے 2 کروڑ عوام نے مل کر کورونا کی دوسری لہر
پربھی قابو پالیا ہے۔ دہلی میں انفیکشن شرح اب کم ہوکر 1.5 فیصد ہوگئی ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ میں فیکٹری
اور تعمیراتی سرگرمیوں کو ایک ہفتے کے لئے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عوام کے مشوروں پر آگے بھی ہم آہستہ آہستہ
انلاک کا عمل جاری رکھیں گے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ فوری لاک ڈاؤن کھولنے سے ہمیں اس کانقصان ہوجائے اور پھر سے کورونا
بڑھنے لگے ۔ اگر ایسا ہوا تو ہمارے پاس دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچے گا۔ اس لئے میری اپیل ہے کہ
تمام لوگ کووڈ۔19 کی احتیاط ضروربرتیں۔ یہ بہت ہی نازک وقت ہے،جب تک ضرورت نہ پڑے ،تب تک گھر سے باہر نہ نکلیں۔وزیر
اعلیٰ نے کہا کہ پیر کو صبح 5بجے تک یہ لاک ڈائون ہے۔سب سے پہلے اب آہستہ آہستہ لاک ڈائون کھولنے کا عمل شروع کررہے
ہیں۔ بڑی محنت سے، بڑی مشکل سے کوروناقابو میںآیاہے۔ لیکن ابھی پوری لڑائی جیتی نہیں ہے ۔ پچھلے ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کا
ابھی تک ہمیں فائدہ ہواہے۔ ایسا نہ ہو کہ فوراً کھول دیںتو اس کا نقصان ہوجائے۔ اسی لئے تمام ماہرین کا خیال ہے کہ لاک ڈاؤن کو
آہستہ آہستہ کھولنا ہے۔
دوسری طرف یوپی میں بھی سرکار نے نرمی کے اشارے دیے ہیں، اس وقت روڈویز بسوں کے دوسری ریاستوں میں جانے پر پابندی
ہے، ہفتہ وار بازار بند ہیں، لیکن امید ہے کہ 31مئی کے بعد پابندی میں کچھ راحت ملے گی۔ پنجاب میں کورونا سے متعلق پابندیاں
10جون تک رہیں گی، لیکن کووڈ کے معاملوں میں کمی کو دیکھتے ہوئے پرائیویٹ گاڑیوں میں مسافروں کی تعداد کی حد ختم کردی
گئی ہے۔ راجستھان سرکار نے لاک ڈاؤن کی مدت8جون تک طے کردی ہے۔ تاہم جن اضلاع میں انفیکشن پر قابو پالیاگیاہے، وہاں
رعایت دی جاسکتی ہے۔ ہریانہ میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن ہے اور اب اس پر فیصلہ ایک دودن میں کیا جاسکتا ہے۔ بہار میں 4مئی کو
پہلی بار 15مئی تک کیلئے لاک ڈاؤن لگایاگیاتھا، جس میں توسیع کرکے یکم جون تک کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اب اس میں
نرمی کا اشارہ دیا ہے۔جھارکھنڈ میں لاک ڈاؤن جیسی پابندیوں کو 27 مئی تک توسیع کی گئی تھی۔ اسے مزید آگے بڑھانے کے
اشارے مل رہے ہیں۔وہیں مدھیہ پردیش میں پابندیوں میں یکم جون سے نرمی کے اشارے ملے ہیں۔ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان
نے کہاکہ دنیا کو آگے بڑھنا ہے تو ہمیں آہستہ آہستہ ان لاک کرنا ہوگا، لیکن یہ احتیاط برتنی ہوگی کہ یہ وبا پھر سے نہ پھیلے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS