آئی پی ایل فائنل دیکھتے دیکھتے نوعمر سابق کپتان کی اندوہناک موت

0
Image: Shiksha News

نئی دہلی،(ایجنسی):ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کے سابق کپتان اور سوراشٹر کے وکٹ کیپر بلے باز اوی بروٹ کا جمعہ کی شب دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ وہ صرف 29 سال کے ہی تھے۔ دراصل، اوی بروٹ جمعہ کی رات احمد آباد میں اپنے گھر میں چنئی سپرکنگس اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے درمیان ہو رہے آئی پی ایل 2021 کا فائنل مقابلہ دیکھ رہے تھے۔ اسی وقت ان کو دل کا دورہ پڑا۔ جب تک لوگ انہیں اسپتال لے جاتے، تب تک ان کی موت ہوگئی۔ اوی بروٹ نے 5 دن پہلے ہی 43 گیندوں میں 72 رنوں کی اننگ کھیل کر سوراشٹر کو ریلائنس جی-1 ٹی-20 ٹورنامنٹ کا خطاب جتایا تھا۔ اوی بروٹ کی فیملی میں ان کی ماں اور اہلیہ ہیں۔
سوراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کرکے 29 سال کے اوی کی موت کی اطلاع دی تھی۔ ایس سی اے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم سبھی سوراشٹر کے شاندار کرکٹر اوی بروٹ کے بے وقت موت سے مایوس ہیں۔ اوی نے اسی سال سید مشتاق علی ٹرافی میں شاندار سنچری بھی لگائی تھی۔ اس کے علاوہ اوی بروٹ 20-2019 میں رنجی ٹرافی کا خطاب جیتنے والی سوراشٹر کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ رہے تھے۔ تب راج کوٹ میں ہوئے فائنل میں سوراشٹر نے بنگال کو شکست دی تھی۔ وہیں اسی سال بروٹ نے سید مشتاق علی ٹی-20 ٹورنا منٹ میں 53 گیندوں میں 122 رن کی اننگ کھیل کر سرخیاں بٹوری تھیں، جس میں 11 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
احمد آباد کے باشندہ، بروٹ نے 2011 میں گجرات کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ اسی سال، انہیں ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ گجرات سے، وہ ہریانہ رنجی ٹیم میں چلے گئے تھے، لیکن آخر میں گجرات واپس چلے آئے اور 17-2016 سیشن میں سوراشٹر کی رنجی ٹیم میں شامل ہوگئے۔ تب سے وہ سوراشٹر کے لئے بطور وکٹ کیپر اور اوپننگ بلے باز کھیل رہے تھے۔
اوی بروٹ نے 38 فرسٹ کلاس میچ میں ایک سنچری اور 9 نصف سنچری کی مدد سے 1547 رن بنائے۔ وہیں 38 لسٹ اے میچ میں اس وکٹ کیپر بلے باز نے 8 نصف سنچری کی بدولت 1030 رن بنائے تھے۔ بروٹ ٹی-20 کرکٹ کے طوفانی کھلاڑی تھے۔ انہوں نے گھریلو ٹی-20 میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچری کی مدد سے 717 رن بنائے تھے۔ ٹی-20 میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 146 اور اوسط تقریباً 38 کا تھا۔ وہیں، وہ ضرورت پڑنے پر آفربیک گیند بازی بھی کرلیا کرتے تھے۔ انہوں نے تینوں فارمیٹ میں کل 11 وکٹ لئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS