سیرت طیبہؐ کی معنویت: عالمی گائوں کے تناظر میں

0

پروفیسر اخترالواسع

زمانے میں ہمیشہ تبدیلی و تغیر کا عمل جاری ہے بلکہ اس کائنات کی تشریح و توضیح ہی تغیر اور حرکت کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ وقت کیا ہے؟ حرکت کا پیمانہ ہی تو ہے۔ بقول علامہ اقبالؔ دنیا میں اگر ثبات ہے تو صرف تغیر ہی کو ثبات ہے۔ تبدیلی ہی وہ چیز ہے جو ہمیشہ موجود رہتی ہے، سکون ثبات تو فریب نظر ہے ورنہ یہ کائنات ہمہ وقت آوازہ کن فکان کی صدائے بازگشت سے معمور ہے۔
تغیر و تبدیلی کی اس روش سے وقت و حال بھی محفوظ نہیں ہے۔ انسان نے جب اس سرزمین پر قدم رکھا اور ایک انسانی معاشرہ تشکیل دیا اسی وقت سے یہ معاشرہ بھی اس تبدیلی و تغیر کی زد میں ہے اور ہمیشہ شعوری اور غیرشعوری طور پر اس میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔
عہد جدید میں جو عالمگیر تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ہے۔ دور جدید میں کچھ ایسے اہم انقلابات آئے جن کی وجہ سے دنیا کا فکری منظرنامہ اور ثقافتی افق، سماجی تنظیم، بین الاقوامی تعلقات سب کچھ بدل گیا۔ مواصلات کے ترقی یافتہ وسائل اور حمل و نقل کے انتہائی ترقی یافتہ ذرائع نے دنیا کو ایک گائوں میں بدل دیاہے۔ آج دنیا کی ہر مسافت چند گھنٹوں کی مسافت ہے اور کسی پیغام کا ایک سرے سے دوسرے سرے پر جانا چند لمحوں کا معاملہ ہے۔ اس طرح دولت کی فراوانی سے لوگوں کی آمد و رفت اور سیر وسیاحت، اسی طرح نقل و حرکت میں بے تحاشا اضافہ ہوگیاہے۔ ماضی قریب تک یہ ممکن تھا کہ ایک شخص اپنے ملک سے بلکہ اپنے شہر سے باہر قدم نکالے بغیر اپنی پوری حیات مستعار کا سفر ختم کرلے اور اس کا تعلق دوسرے مذہب، دوسرے تمدن اور اجنبی اقوام سے بالکل نہ ہو لیکن اب یہ ممکن نہیں رہا۔ اب تو یہ دنیا خود ایک گائوں ہے، ایک شہر ہے، ایک ایسا شہر جہاں وہ سب کچھ ایک جگہ موجودہے جس سے کسی زمانے میں پوری دنیا کا تصور عبارت ہوتا تھا۔
تمہید طولانی سے گریز کرتے ہوئے میلاد النبیؐ کے اس مبارک موقع پر سراپا رحمت جناب محمد رسول اللہؐ کے حوالے ہی سے بات کریں گے کیوں کہ خود ربِّ کائنات کا یہ ارشاد ہے کہ:
کی محمدؐ سے وفا تونے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
غور طلب معاملہ یہ ہے کہ موجودہ دور کی غیرمعمولی تبدیلیوں اور اس کے نتیجہ میں پیش آمدہ نئے مسائل کے سلسلے میں سیرت طیبہؐ سے ہمیں کیا رہنمائی ملتی ہے اور سرکار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات جو ہر زمانے کے لیے او رہر تبدیلی کے لیے رہنما ہے، ان سے ہمیں کیا ہدایت ملتی ہے؟
اگر ہم آج کے مسائل کی درجہ بندی کریں تو ان کو چند عنوانات میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ایک تو سماجی تبدیلیاں ہیں جس میں مختلف مذاہب اور تہذیبوں نیز مختلف مذاہب کے پیروکاروںکا آپسی رابطہ پہلے سے کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ اور اطلاعات اور مواصلات اورحمل و نقل کے وسائل نے انسان کو دنیا کے تمام مذاہب اور تہذیبوں سے براہ راست مربوط کردیاہے۔ دوسری بڑی تبدیلی سائنس اور ٹیکنالوجی کی ہے جس نے کچھ ایسے مسائل اور مشکلات پیدا کر دی ہیں جن کا تصور پہلے کبھی نہیں تھا۔ اس کا سب سے بڑا پہلوماحولیاتی آلودگی ہے جس نے طرح طرح کے مسائل پیدا کردیے ہیں۔ تیسرا بڑا چیلنج شخصی سطح پر ہے آج کا انسان پہلے سے زیادہ مادہ پرست اور پہلے سے زیادہ صارفیت پسند ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کرپشن، ظلم و زیادتی، علاقائی، مذہبی و قومی تعصبات بے انتہا بڑھ گئے ہیں، شخصی اغراض اور انفرادی تشخص کے امتیاز نے انسانی معاشرے کو شکست و ریخت کے دروازے پر لاکھڑا کیا ہے۔
ایسے حالات میں سیرت طیبہؐ سے ہمیں بڑی ہدایات ملتی ہیں۔ مذاہب او رتہذیبوں کے مسئلہ میں اسلام کے تصور توحید سے رہنمائی ملتی ہے۔ اسلام کا یہ تصور کہ اس کائنات کا خدا ایک ہے اور انسانوں کی اصل بھی ایک ہے یہ ایک بڑامحرک ہے جو انسان کو سماجی مساوات اور مذہبی ہم آہنگی کا سبق دیتاہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ’’اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ایک نفس سے پیدا کیا او راس سے اس کا جوڑا بنایا او رپھر ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورت پیدا کیے۔ (النساء:1)
اسی طرح مذہبی اور تہذیبی ہم آہنگی کے لیے اسلام کی ہدایت ہے کہ ’’تمام انسان شروع میں ایک ہی جماعت تھے پھر انہوں نے آپس میں اختلاف پیدا کیا۔‘‘(یونس: ١١) گویا انسان اپنی اصل میں ایک ہیں اور مذاہب بھی بنیادی طور پر ایک ہی اصل سے پھوٹے ہوئے برگ و بار ہیں۔ اس لیے انسانوں کے درمیان موجود نسلی اختلافات اور قوموں کے درمیان موجود فکری اور مذہبی اختلافات کو انگیز کرنا چاہیے اور ان کو مٹانے کی کوشش دراصل اس خدائی حکمت کے خلاف ہوگی جس نے ان کو بنایا ہے۔ یہ تہذیبی نیرنگیاں اور یہ بوقلمونی تو چمن کی زینت ہے۔ ان کو برقرار رکھتے ہوئے اس کو انسانوں کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔ اس لیے اسلام نے یہ اصول دیا کہ دین میں کوئی زبردستی نہیں اور یہ کہ تمہارے لیے تمہارا دین ہے اور ہمارے لیے ہمارا دین ہے۔ قرآن کریم میں یہ بھی ہے کہ اگر خدا لوگوں کو ایک دوسرے سے دفع نہ کرتا تو کلیسا اور صومعے ختم ہوجاتے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی تلقین فرمائی ہے کہ کسی مذہب کی عبادت گاہ نہ گرائی جائے، مذہبی رسوم پر پابندی عائدنہ کی جائے، مذہبی لوگوں کو نہ ستایا جائے۔ اس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم سے ہمیں یہ رہنمائی ملتی ہے کہ اس عالمی گائوں میں جو مذہبی و تہذیبی بوقلمونی ہے، اس کو قبول کرنا ہے اور اسلام کو پورے طور پر اپنی زندگی کا رہنما بناتے ہوئے دیگر مذاہب کے لیے بھی احترام کا جذبہ اپنے دل میں رکھنا ہے، ان کو ایک سماجی ناگزیر ضرورت کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔ بلاشبہ مذہب تبدیل کرنے اور اسلام قبول کرنے کی آزادی ہے لیکن یہ آزادی انسان کے ارادہ و اختیار کے تحت ہے، زبردستی نہیں۔ مقصد ترسیل ہے، تنفیذ نہیں۔
صارفیت اور بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی نے جو مسائل پیدا کیے ہیں، ان کے سلسلے میں ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے یہ ہدایت ملتی ہے کہ دنیا میں انسان امتحان کے لیے آیا ہے اور اس امتحان میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ چیزوں کا استعمال توازن کے ساتھ کرے۔ مادی اشیا کا بے تحاشا استعمال اس کے مقصد حیات کے خلاف ہے۔ حتیٰ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت ہے کہ اگر کوئی نہر جاری کے کنارے پر ہو تب بھی اس کوبقدر ضرورت ہی پانی استعمال کرنا چاہیے۔ ترمذی کی ایک حدیث ہے کہ درہم و دینار کے بندے پر اللہ کی لعنت ہو، اس طرح بے تحاشا صرف و اخراج اور اس کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی مشکلات کا حل بھی رسول اللہؐ کی تعلیمات میں موجود ہے۔ اسلام کے مطابق یہ دنیا انسان کے پاس امانت ہے اور اس کی ضروریات کی تکمیل کے لیے دی گئی ہے۔ اگر کوئی شخص اس سے بقدر ضرورت استفادہ کرتا ہے تو یہ عین تقاضائے امانت ہے لیکن اگر کوئی اس میں بے تحاشا صارفیت کا ارتکاب کرتاہے تو وہ خیانت کا مرتکب ہو رہا ہے، جو اسلام کی نظر میں سخت ناپسندیدہ عمل ہے۔
ماحولیات میں آئے عدم توازن کے لیے اشیا کا بے دریغ استعمال بھی ذمہ دار ہے۔ رسول اللہؐ نے فرمایا کہ درخت لگائو، اگر کوئی شخص درخت لگائے تو اس سے جب تک کوئی انسان یا جانور فائدہ اٹھائے گا، اس وقت تک اس کو صدقے کا ثواب ملتا رہے گا۔ (بخاری شریف) اسی طرح ایک حدیث میں ہے کہ اگر کسی کے ہاتھ میں پودا ہو اور قیامت آجائے تب بھی وہ اس پودے کو زمین میں لگا دے۔(مسند احمد)
اشیاء کائنات کا متوازن استعمال اور درختوں کے لگانے اور فطری نظام کو باقی رکھنے والی ہدایات سے ایسی رہنمائی ملتی ہے کہ ان پر عمل پیرا ہوں تو آج کی دنیا بہت سے مستقل عذابوں سے نجات حاصل کرسکتی ہے اور ماحولیات میں جو عدم توازن پیدا ہورہا ہے وہ ایک بار پھر توازن کی طرف گامزن ہوسکتاہے۔
اس دنیا کا متوازن استعمال اسلام کا مطلوب ہے اور اس کے متوازن استعمال سے ہی اس کا توازن برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ اس لیے توازن کا یہ تصور ماحولیات اور صارفیت کے پیدا کردہ بے شمار مسائل کا بہترین حل ہے۔ اور اس کا افادہ ساری انسانیت کے لیے۔
آج کے عالمی گائوں اور سمٹتے ہوئے فاصلوں اور بڑھتی ہوئی صارفیت کے ماحول میں اسلام کی ہدایات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ ایک ایسا قابل تقلید نمونہ ہے جس کی اتباع کر کے اس دنیا کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ جس کے ذریعہ انسانوںکے مصائب دور ہوسکتے ہیں، ان ہدایات کا اہتمام کرنے سے خاندان کا شیرازہ پھر متحد ہوسکتاہے۔ بڑھتے ہوئے سماجی فاصلے پھر قربت اور ہم آہنگی کا عنوان بن سکتے ہیں۔ بڑھتا ہوا عدم توازن پھر توازن کی طرف گامزن ہوسکتا ہے او رسماجی اور ماحولیاتی انحطاط ایک بار پھر اخوت اور ہم آہنگی میں تبدیل ہوسکتاہے۔
(مضمون نگار جامعہ ملیہ اسلامیہ کے
پروفیسر ایمریٹس (اسلامک اسٹڈیز) ہیں۔)
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS
Previous articleایران کےساتھ تیل کاسودا کرنے پرہندوستانی کمپنی پر پابندی
Next articleبدلتا ہوا منظر نامہ اور مدارس کا نصاب و نظام
Prof. Akhtarul Wasey
Akhtarul Wasey (born September 1, 1951) is the president of Maulana Azad University, Jodhpur, India, and a former professor of Islamic Studies. He taught at Jamia Millia Islamia (Central University) in New Delhi, where he remains professor emeritus in the Department of Islamic Studies. Early life and education: Wasey was born on September 1, 1951, in Aligarh, Uttar Pradesh to Hairat bin Wahid and Shahida Hairat. He is the oldest of six children. Wasey attended Primary School No. 16, the City High School of Aligarh Muslim University, and Aligarh Muslim University where he earned a Bachelor of Arts (Hons.) in Islamic studies in 1971, a Bachelor of Theology in 1975, a Master of Theology in 1976, and an Master of Arts in Islamic studies in 1977. He also completed a short-term course in the Turkish language from Istanbul University in 1983. Career: On August 1, 1980 he joined Jamia Millia Islamia, Delhi as lecturer and worked there till 31 August 2016.Wasey was a lecturer, reader and professor at Jamia Milia Islamia University in New Delhi from 1980-2016, serving as the director of Zakir Husain Institute of Islamic Studies and later becoming head of the Department of Islamic Studies and Dean of the Faculty of Humanities and Languages. He is currently the president of Maulana Azad University in Jodhpur and remains a Professor Emeritus in the Department of Islamic Studies at Jamia Millia Islamia. In March 2014, Wasey was appointed by Indian President Shri Pranab Mukherjee to a three-year term as Commissioner for Linguistic Minorities in India, and became the first Urdu-speaking commissioner since 1957. Wasey is the editor of four Islamic journals: Islam Aur Asr-e-Jadeed; Islam and the Modern Age; Risala Jamia; and Islam Aur Adhunik Yug. Awards and honors: 1985 Award from Urdu Academy, Delhi and UP Urdu Academy on "Sir Syed Ki Taleemi Tehreek" 1996 Maulana Mohammad Ali Jauhar Award 2008 Fulbright Fellowship 2013 Padma Shri award from President Pranab Mukherjee of India 2014 Makhdoom Quli Medal from the President of Turkmenistan 2014 Daktur-e-Adab from Jamia Urdu, Aligarh