ہند ایران کے گہرے تعلقات میں اردو میڈیا کا اہم کردار۔ ڈاکٹر محمد علی ربانی

0

نئی دہلی: (یو این آئی) ہندوستان ایران کے گہرے تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کلچرل ہاؤس کے ڈائرکٹرڈاکٹر محمد علی ربانی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات بہت ہی قدیم اور ثقافتی ہیں اور میڈیا والے اس میں مزید چار چاند لگاسکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اردو میڈیا کے صحافیوں کے ساتھ ایران کلچرل ہاؤس میں منعقدہ ایک خصوصی نشست میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ کئی صدیوں سے ہند ایران کے ثقافتی، تہذیبی اور قدیم رشتے ہیں جس کا اعتراف کئی مقامات پلیٹ فارم پر کیا جاتا رہا ہے لیکن یہاں کا میڈیا اور خاص طور پر اردو کے صحافی اس میں چار چاند لگاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو ان چیزوں کی طرف خاص طور پر توجہ دینی چاہئے جس سے دونوں ملکوں کے مصنوعات،یکساں تہذیب اور ثقافت نمایاں ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے بہت سارے مصنوعات ہیں جس پر توجہ دینے اور اس پر لکھنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور عوام کے درمیان رابطے کی کڑی مضبوط ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اور ایران کے صحافیوں کی ایک انجمن ہونی چاہئے جہاں دونوں ملکو.ں کے صحافیوں ایک دوسرے ملک کے بارے میں اور وہاں کی مصنوعات، کلچرل اور تہذیب کے بارے میں کھل کر باتیں کرسکیں اور میڈیا میں ان چیزوں کو جگہ دے سکے۔ انہوں نے کہاکہ ایرانی آرٹ اور کلچرل سے ہندوستانی عوام کو روشناس کرانے کے لئے ایران آئندہ ہندوستان کے صوبہ ہریانہ لگنے والے میلے میں شامل ہوگا اور اپنے آرٹ اور فن کاری کا نمونہ پیش کرے گا۔ اس سے ہندوستانی عوام کو ایران کے آرٹ اور کلچرل کے بارے میں بہتر طور پر جاننے کا موقع ملے گا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہاکہ کچھ ایسا پروگرام کرنا چاہتے ہیں جس میں ہند وستان اور ایران کے صحافی شامل ہوں گے۔ آئی آرآئی بی کے دہلی کے بیورو چیف ڈاکٹر عباس نصیری طاہری نے اس موقع پر اطلاعات فراہم کرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہوتا ہے اورہندوستانی خاص طور پر اردو میڈیا کوہند ایران کے مابین اطلاع بہم پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا عوام اور ملکوں کو جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے اور جس دور میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں اس دور کو اطلاعاتی تکنالوجی کا دور کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کہنے کا مقصد میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں ڈاکٹر محمد علی ربانی کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کا ایران سے اور ایران کا ہندوستان سے رابطہ پیدا کرنے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں میڈیا کو ہندوستان اور ایرانی تاریخی اور ثَقافتی تعلقات کو اجاگر نا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اردو میڈیا کے صحافی ایران کے اردو میں ریڈیو، ٹی وی اور دیگر میڈیا ادارے سے جڑسکتے ہیں وہاں کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی جاننے کے خواہش مند ہیں کہ ایران کے بارے میں اردو میڈیا کا کیا ’فیڈ بیک‘ہے۔ ڈاکٹر نصیری نے اردو میڈیا سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایران کا بہتر موقف رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ کا کام مقدس ہے جس طرح اولیاء اللہ اللہ کے پیغام کو پہنچاتے تھے اسی طرح آپ بھی صحیح پیغام دونوں ملکوں تک پہنچاسکتے ہیں۔
اس موقع پر اردو صحافیوں کو ایران کلچرل ہاؤس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد علی بانی نے سپاس نامہ دیکر عزت افزائی بھی کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS