قرآن مقدس ایک کتاب ہدایت

0

شیخ عائشہ امتیازعلی ،ناگپاڑہ
قرآن کریم اللہ تعالی کی عظیم ترین نعمت ہے ،لوگوں کو سیدھی راہ دکھانے کیلئے اللہ تعالی نے انبیائے کرام کی بعثت اوراپنے ہدایت نامے کو بھیجنے کا سلسلہ جاری کیا اس کی آخری ومکمل شکل قرآن مجید ہے جس سے نبی آخرالزماں ؐکے توسط سے انسان کومشرف کیاگیا ۔اس کتاب عزیزکے تعارف کاسلسلہ اس کے زمانۂ نزول سے جاری ہے اس کیلئے مختلف اندازاختیار کیا جاتاہے۔ اس کتاب نے جواپنے اوصاف بیان کئے ہیں ان میں سب سے نمایاں وصف یہ ہے کہ یہ کتاب ہدایت ہے سارے انسانوں کیلئے رہنمائی کاذریعہ ہے۔ اس میں ہدایت کی کھلی ہوئی نشانیاں ہیں۔یہ کتاب عزیزاسی مقصدسے نازل کی گئی ہے کہ انسان اس کی روشنی میں سیدھاراستہ دیکھ لیں اوراس پر چل کر کامیابی کی منزل تک پہنچ جائیں ۔ارشادربانی ہے’’بے شک یہ قرآن وہ راہ دکھاتاہے جوبالکل سیدھی ہے‘‘۔حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالی کاقرب حاصل کرنے کیلئے کتاب اللہ سے بڑھ کر کوئی چیزنہیں اس کتاب میں جتنی طاقت ہے زندگیوں کوبدل دینے کی ،رگوں میں حب الہی کی بجلیاںدوڑادینے کی،سوئے ہوئے انسانوں کوجگادینے اورجوش عمل سے سرشارکردینے کی،قلب وروح کی خطرناک بیماریوں کودورکردینے اورانہیں صحت مندبنادینے کی ،یہ طاقت کسی اورچیز میں نہیں۔قرآن مقدس ہی وہ نسخہ کیمیا ہے جوپھٹے ہوئے دلوں کوجوڑ سکتاہے۔یہی وہ نسخہ کیمیا ہے جوبکھرے ہوئے موتیوں کو اکھٹاکرسکتا ہے۔یہی وہ نسخہ کیمیا ہے جولالچی طبیعتوں میں قناعت پیداکرسکتاہے اوریہی وہ نسخہ کیمیا ہے جوبے ضمیرانسانوں کو ضمیر کی دولت سے مالاما ل کرسکتاہے۔یہی قرآن انسان کو بارباریاددلاتا ہے کہ اللہ کے بندے ہونے کاتقاضاکیاہے اسکے فرائض کیا ہیں۔ اس پر دوسروں کے کون کون سے حقوق عائدہوتے ہیں،وہ انسان کوباخبرکرتارہتا ہے کہ عقیدہ کیسے درست کیاجائے،عبادت کاکیاطریقہ اختیارکیاجائے، اخلاق زندگی کی تعمیرکیسے ہو ،لوگوں کیساتھ تعلقات ومعاملات میں کیا طرزعمل اپنایاجائے۔

قرآن کریم علم کاسمندر ہے ،حکمت کاخزانہ ہے ،معرفت کاسرچشمہ ہے ،ہدایت ونصیحت کامخزن ہے ،جواسے چھوڑکر ہدایت حاصل کرناچاہے گا اللہ اسے گمراہ کردے گا۔ یہ کتاب اللہ کی مضبوط رسی ہے ،یہ حکیمانہ نصیحت ہے ،یہ صراط مستقیم ہے۔یہی کتاب ہے جس سے علماء کبھی چشم سیر نہیں ہوسکتے باربار پڑھنے سے اس میں کوئی بوسیدگی نہیں آسکتی اورنہ کبھی اس کے عجائبات ختم ہوں گے ۔یہی کتاب ہے جسے سن کر جنات کہے بغیر نہ رہ سکے کہ ’’ہم نے ایک عجیب وغریب قرآن سناہے جوصحیح راستہ دکھاتاہے چنانچہ ہم اس پر ایمان لے آئے‘‘ ۔

قرآن کی یہ نصیحت بالکل عام ہے ،وہ سب کو اس کا بھولاہواسبق یاددلاتا ہے اوراپنے خالق ومالک کی طرف پلٹ کر آنیکی باربار دعوت دیتاہے ۔کہیں وہ انسان سے سوال کرتاہے کہ اس کتاب میں تمہارے لئے نصیحت وخیرخواہی کی باتیںہیں۔ آخرتم اس سے منہ موڑکرکہاں جارہے ہو،کسی مقام پر وہ پوچھتاہے کہ ’’یہ کتاب جوہم نے نازل کی ہے بڑی بابرکت ہے یہ تمہیںاچھی اچھی باتیں یاددلاتی ہے کیاتم اس کاانکارکرتے ہوقرآن کی ان آیات مبارکہ سے یہی حقائق سامنے آتے ہیں۔یہ توبس تمام دنیاکیلئے ایک نصیحت ہے تم میں سے ہراس شخص کیلئے جوراہ راست پر چلناچاہتاہو،بیشک یہ ایک نصیحت ہے اب جوچاہے اپنے رب کی طرف جانیکاراستہ اختیارکرلے،پس تم کہاں بھاگے جارہے ہو،یہ قرآن توساری دنیاکے لوگوں کیلئے نصیحت ہے،اوریہ تمہارے اورتمہاری قوم کیلئے یاددہانی ہے اورعنقریب تم سے سب پوچھ ہوگی، لوگوہم نے تمہاری طرف ایک ایسی کتاب بھیجی ہے جس میں تمہاراہی ذکرہے کیاتم سمجھتے نہیں ہو‘‘۔
قرآن کریم کوپڑھنے سمجھنے اوراس سے ہدایت پانیکاصحیح طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر ایک آیت کواپنے سے متعلق سمجھیں ۔ہرآیت کامخاطب اپنی ذات کوبنائیں اوریہ تصورکریں کہ اللہ تعالی نے یہ آیت میرے لئے ہی نازل کی ہے اوردوسروں پرمنطبق کرکے سکون محسوس کرنیکی عادت چھوڑکر اس کو اپنی ذات پرمنطبق کرنیکی عادت ڈالیں۔ہم دیکھیں گے کہ کہیں مومنین کاسراپابیان کیا جارہاہے ،ہم اپناجائزہ لیں اورقرآن مقدس کے دیے ہوئے سانچے میں خودکوڈھالنے کیلئے ذوق وشوق اورولولوںکیساتھ لگ جائیں ،کہیں رذائل اخلاق اوراہل جہنم کے کرتوت بیان کئے جارہے ہوں گے توہم اللہ سے توبہ کریں ۔اس کی پناہ ڈھوندیں، باریک بینی سے اپنا بیلاگ جائزہ لیں اوراس قسم کاکوئی بھی داغ دھبہ اپنے دامن ایمان واسلام میں پائیں تو اس کو صاف کرنے میں لگ جائیں اوراپنے ضمیر کو مطمئن کرنیکی عادت ڈالیں۔ دنیاوالوں کو توآدمی حیلوں اورتاویلوں سے بھی مطمئن کردیتاہے، کہیں اہل کفروشرک کے انجام بد اوران کے عذاب کا لرزہ خیز نقشہ کھینچاجارہاہوگا ایسے مواقع پرہمارادل لرزنے لگے، آنکھیں اشکبارہوجائیں ،چہرے پر خداکی ہیئت وجلال کے آثارنمایاہوں اورہم اپنے رب کے حضور گڑگڑائیں کہ پروردگارتواس انجام بدسے محفوظ رکھ۔کہیں مومنین وصادقین کے نیک انجام اورآخرت کی ابدی اوربے مثال نعمتوں اورآسائشوں کاذکرہوگا ہم رک کر دل کی گہرائیوں سے دعامانگیں کہ پروردگار مجھے بھی ان میں شامل فرمالے۔یہی تومعراج ہے یہی توتیری منتہائے تمناہے مجھے توسب کچھ حاصل ہوگیا تونے مجھے ایمان سے سرفرازکیاہے تواب میں دل وجان سے ایمان کاہرتقاضاپوراکروں اورہرگزان لوگوں میں سے نہ ہوؤں جوبڑھ چڑھ کردعوے کرتے ہیں لیکن عمل میں بودے ثابت ہوتے ہیں۔
کہیں منافقین کاکردار ان کے رذائل اخلاق کابیان ہوگا توہم سنجیدگی سے اپنے اخلاق ومعاملات اورشب وروز کاجائزہ لیں اورایک ایک روگ کودشمن کی طرح پکڑکرتہ تیغ کرنیکی کوشش کریں ۔منافقین کالفظ پڑھ کربے پروائی سے آگے نہ بڑھیں بلکہ ایک ایک برائی کو رک رک کرپڑھیں۔ قرآن میں باربار مختلف انداز اورمختلف پیکروں میں حق وباطل، نیکی وبدی ،کفرواسلام، اخلاص ونفاق ،توحیدوشرک، اتباع وسرکشی، خودشناسی وخودفراموشی، احسان مندی وناشکری، خداشناسی وخدابیزاری، آخرت پسندی وآخرت فراموشی ان ہی اعمال اوراقدارکاباہمی ٹکرائوکشاکش اورآویزش نظرآئیگی۔جب تک ہمارے سینوں میں دل دھڑک رہے ہیں ،آنکھوں میں دم ہے ،دماغ میں سوچنے اورسمجھنے کی توانائی ہے ،اورجسم میں ترک واختیار کی قوت ہے، ہرہرقدم اورہرہرموڑپر ہمارے ایمان واسلام کی آزمائش ہے اوریہجنگ تسلسل کیساتھ جاری ہے اوررہتی دنیاتک جاری رہے گی۔ ہم برابرامتحان گاہ میں ہیں اورہمیںشعورہویانہ ہو ہم اپنارول اداکررہے ہیں اورعالم الغیب والشہادہ برابرہمارے بارے میں صادرفرمارہے ہیں اورہماری تگ ودوکونگاہ میں رکھ کر مختارکل ہمارے دل کواپنی چٹکی سے اپنے علم وحکمت کے تحت برابر ادھرادھرپھیر رہاہے اورقلب کے یہ انقلابات ہماری زندگی اورہماری روح اورہمارے دماغ پراثرانداز ہورہے ہیں۔
قرآن کریم علم کاسمندر ہے ،حکمت کاخزانہ ہے ،معرفت کاسرچشمہ ہے ،ہدایت ونصیحت کامخزن ہے ،جواسے چھوڑکر ہدایت حاصل کرناچاہے گا اللہ اسے گمراہ کردے گا۔ یہ کتاب اللہ کی مضبوط رسی ہے ،یہ حکیمانہ نصیحت ہے ،یہ صراط مستقیم ہے۔یہی کتاب ہے جس سے علماء کبھی چشم سیر نہیں ہوسکتے باربار پڑھنے سے اس میں کوئی بوسیدگی نہیں آسکتی اورنہ کبھی اس کے عجائبات ختم ہوں گے ۔یہی کتاب ہے جسے سن کر جنات کہے بغیر نہ رہ سکے کہ ’’ہم نے ایک عجیب وغریب قرآن سناہے جوصحیح راستہ دکھاتاہے چنانچہ ہم اس پر ایمان لے آئے‘‘ ۔جس نے اس کتاب کی حمایت کی وہ راست بازٹھہرا ،جس نے اس پر عمل کیاوہ اجر کامستحق ٹھہرا ،جس نے اس کی روشنی میں فیصلہ کیا اس نے انصاف کیا، جس نے اس کی طرف دعوت دی اسے صراط مستقیم کی رہنمائی مل گئی ،اللہ ہم سب کو تلاوت قرآن اوراس کی تعلیمات واحکامات سے سرفرازفرمائے۔ n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS