ملک اسٹرٹیجک طور پر اہم خطہ میں ایک آزاداور مستحکم بین الاقوامی تجارتی نظام کا حامی :رام ناتھ کووند

0

اشک آباد، (پی ٹی آئی) : صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ ہند بحرالکاہل کے ساتھ ہندوستان کا لگائو کئی صدیوں پرانا ہے اور ملک اسٹریٹجک طور پر اہم اس خطہ میں ایک آزاد، متوازن، ضابطہ پر مبنی اور مستحکم بین الاقوامی تجارتی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ صدر جمہوریہ کووند نے ترکمانستان کی راجدھانی اشک آباد میں باوقار ’انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل رلیشنش‘ میں ہفتہ کو نوجوان طلبا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا نظریہ رشتے اور تعاون پر مبنی ہے اور سمندر (خطہ میں سبھی کے لیے سکیورٹی اور ترقی) کے نظریہ میں اس کی جھلک ملتی ہے۔ وزارت خارجہ کے ذریعہ اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ساگر ہند بحر اعظم اور ہند بحرالکاہل دونوں کے تئیں ہمارے نظریہ کو ظاہر کرتا ہے۔‘ خطہ میں چین کی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’اس خطہ کے ساتھ ہندوستان کا لگائو کئی صدیوں پرانا ہے۔ خطہ کی ترقی پذیری اور طاقت اسے ایک عالمی اقتصادی مرکز بناتی ہے۔ ہم ہند بحرالکاہل میں ایک آزاد، متوازن، ضابطہ پر مبنی اور مستحکم بین الاقوامی تجارتی نظام کی حمایت کرتے ہیں۔‘ ہندوستان، امریکہ اور کئی دیگر عالمی طاقتیں وسائل سے مالا مال اس خطہ میں چین کی بڑھتی جنگی مشق کے پس منظر میں ا یک آزاد، اور خوشحال ہند بحرالکاہل یقینی بنانے کی ضرورت پر بات کر رہی ہیں۔ چین تقریباً پورے متنازع بحیرہ جنوبی چین پر اپنا دعویٰ کرتا ہے، جبکہ تائیوان، فلپائن، برونئی، ملیشیا اور ویتنام اس کے کچھ حصوں پر دعویٰ کرتے ہیں۔ بیجنگ نے بحیرہ جنوبی چین میں مصنوعی جزیرہ اور فوجی ٹھکانے بنائے ہیں۔ بحیرہ مشرقی چین میں چین کا جاپان کے ساتھ علاقائی تنازع بھی ہے۔ کووند نے کہا کہ حال کے برسوں میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے اہم ستونوں میں سے ایک ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی رہی ہے، جس میں رابطہ، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور ایک محفوظ اور مستحکم پڑوس کی تعمیر کرنا ہے۔ صدر جمہوریہ فی الحال ترکمانستان کے دورے پر ہیں۔ ترکمانستان کے بعد وہ 4 سے 7 اپریل کے درمیان نیدرلینڈ کے سرکاری دورے پر ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS