وادی میں جلد لوٹ سکیںگے بے گھر کشمیری پنڈت: بھاگوت

0

جموں، (پی ٹی آئی) : راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے اتوار کو کہا کہ کشمیری پنڈت جلد ہی وادی میں اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ موافق ماحول بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پھر کبھی بے گھر نہ ہوں۔ بھاگوت نے ’دی کشمیر فائلس‘ فلم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 1990 میں وادی میں کشمیر پنڈتوں کی نقل مکانی کے پیچھے کی حقیقت کے بارے میں ملک بھر میں اور باہر عوامی بیداری پیدا کی ہے۔
سہ روزہ ’نوریہہ‘ اتسو کے آخری دن کشمیری پنڈت کمیونٹی کے ارکان کو ڈجیٹل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ وادی کشمیر میں ان کے گھر کوواپس لوٹنے کے عزم کو پورا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ بھاگوت نے اپنے آدھا گھنٹہ سے زائد کی تقریر میں کہا کہ ’وادی میں لوٹنے کے ہمارے عزم کو پورا ہونے میں زیادہ دن نہیں لگیں گے۔ یہ بہت جلد پورا ہو جائے گا اور ہمیں اس سمت میں کوشش جاری رکھنی ہوگی۔ ہماری تاریخ اور ہمارے عظیم رہنما ہم سبھی کیلئے رہنمائی کرتے رہیں گے اور ترغیب دیں گے۔‘ 2011 میں دہلی میں کشمیری پنڈتوں کے اتسو ’ہیراتھ‘ (شیوراتری) میں اپنی شرکت کا تذکرہ کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ کمیونٹی نے اس موقع پر عزم کیا تھا کہ وہ اپنی مادر وطن پر لوٹیں گے۔آر ایس ایس سربراہ نے کہاکہ ’ہر کسی کی زندگی میں چیلنجز آتے ہیں… ہم ایسی صورتحال میں ہیں جہاں تین چار دہائی پہلے ہم اپنے ہی ملک میں بے گھر ہوئے تھے۔ حل کیا ہے؟‘۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ ’ہم ہار نہیں مانیں گے اور اپنے گھروں کو لوٹ کر اپنے عزم کو پورا ہوتے دیکھیں گے‘۔انہوں نے اسرائیل کا ذکر کیا اور کہاکہ یہودیوں نے اپنے مادروطن کیلئے 1800برسوں تک جدوجہد کی۔ بھاگوت نے کہاکہ ’1700برسوں میںان کے ذریعہ اپنے عزم کیلئے بہت کچھ نہیں کیاگیاتھا، لیکن پچھلے 100برسوں میں اسرائیل کی تاریخ نے اسے اپنے ہدف کو حاصل کرتے ہوئے دیکھا اور دنیا کے ممتاز ملکوں میں سے ایک بن گیا‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS