دہلی فساد میں تیزاب حملے سے نابینا ہوئے محمد وکیل پر حملے کا معاملہ

0

حملہ آوروں پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری
نئی دہلی(ایس این بی ) : دہلی فساد2020- سے جڑے ایک اہم معاملے میں کڑکڑڈوما کورٹ دہلی نے تیزاب حملے اور لوٹ مار کے شکار ہوئے محمد وکیل کے حملہ آور فسادیوں کے خلاف کراول تھانہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ نامزد ایف آئی آر درج کرے اور ملزمین کے ساتھ کوئی رحم کابرتاﺅ نہ کرے۔افسوس کا مقام ہے کہ دہلی فساد میں شیووہار کے رہنے والے محمد وکیل اور ان کے اہل خانہ پر فسادیوں نے تیزاب سے حملہ کیا، جس میں محمد کیل کی دونوں آنکھیں ختم ہوگئیں ، ساتھ ہی ان کا گھر بار جلادیا گیا ، اہل خانہ چھپ چھپا کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے لیکن اس کے باوجود مقامی پولس نے ملزمین کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج نہ کی۔دریں اثنا جمعیة علماءہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی سرپرستی میں محمد وکیل کی آنکھوں کا علاج ہورہا ہے، ان کو جمعیة نے مکان بنا کر بھی دیا ، ان کی معیشت میں بھی مدد کی۔ لیکن یہ احساس ہمیشہ رہا کہ جن فسادیوں نے ان کو تباہ کرنے کی کوشش کی، وہ آج تک آزاد گھوم رہے ہیں ۔اس سلسلے میں جمعیة علماءہند کی طرف سے ایڈووکیٹ محمد سلیم ملک نے عدالت کے سامنے محمد وکیل کا موقف پیش کیا اور انصاف دلانے کی فریاد کی ۔عدالت نے پولیس کی کوتاہی پر تنقید کرتے ہوئے فوری نامزد ایف آئی آر کا حکم دیا ہے ، نیز مقدمے کی طوالت پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ اس سے قبل انصا ف میں ہورہی تاخیر اور اپنی صحت کی وجہ سے محمد وکیل بہت مایوس ہورہے تھے اور وہ مقدمہ میں دلچسپی کھو چکے تھے۔
اس سلسلے میں جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کو ایڈووکیٹ محمد سلیم ملک نے جب مطلع کیا تو انہوں نے محمدوکیل کو دفتر جمعیة علماءہند طلب کیا اور ان سے کہا کہ ملک کی عدالت آپ کو انصاف دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، آپ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ جمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی ، عدالتی معاملات کے نگراں مولانا نیاز احمد فاروقی ایڈووکیٹ اور دوسرے وکلاءآپ کے معاملے میں فکر مند ہیں، اس لیے فسادیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی لڑائی میں آگے بڑھیں ، جس کے بعد محمد وکیل نے ہاں بھردی ۔ملاقات میں ناظم عمومی جمعیة علماءہند ،ان کی راحت و رسانی امور کے ذمہ دار مولانا غیور احمد قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیة علماءہند نے ان کی صحت کے بارے میں بھی پوچھا تو انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آپ حضرات کی کوشش سے ہلکی پھلکی بینائی لوٹ بھی آئی ہے ، بس دعا کردیجئے۔کڑکڑڈوما کورٹ نے ایک دوسرے اہم فیصلے میں فساد میں بلاوجہ پھنسائے گئے 4 مسلم نوجوانوں کو بھی بری کردیا۔ ان مےں سے محمد شعیب ، شاہ رخ اور راشد کی پیروی جمعیة کے وکیل ایڈووکیٹ محمد سلیم ملک کررہے تھے ۔ان لوگوں پر پولس نے 17مقدمات تھوپ رکھے تھے،لیکن صبر واستقلال کی بڑی طاقت کی وجہ سے بالآخر ان کو انصاف مل گیا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS