زمین پر سونے کے فائدے

0

عیش و آرام کی چاہت انسان کی فطرت میں ہے اور اسی فطرت سے مجبور ہوکر اس نے اپنے لئے نرم بچھونے اور آرام دہ تکیے بنائے اور یہ نرم بچھونے اور آرام دہ تکیے آجکل اس قدر مقبول ہیں کہ یورپ اور امریکہ جیسے امیر ملکوں کے رہنے والے شاید ہی کبھی سخت زمین پر لیٹ کر سونے کا مزہ چکھتے ہوں۔نرم فوم کے گدے امریکہ اور یورپ کیساتھ ساتھ ساری دْنیا میں ہی مقبول ہیں اور ساری دنیا میں ہی لوگ انہیں پسند کرتے ہیں اور انہیں پر سوتے ہیں مگر کچھ لوگ آج بھی سخت بستر یا زمین پر سونے کو ترجیح دیتے ہیں، اس آرٹیکل میں ہم جانیں گے سائنس اس معاملے پر کیا کہتی ہے اور زمین پر سونے والوں کے ذاتی تجربات کی روشنی میں جانیں گے کہ زمین پر سونے سے کیا فائدے حاصل ہوتے ہیں اور اس کے کیا نقصانات ہیں۔
کمر درد میں آرام:ہر سمجھدار جانتا ہے کہ عیش و آرام جسم کو کمزور کرتے ہیں اور نرم بستر بھی عیش و آرام کی صف میں آتے ہیں مگر سائنس نے آج تک ضروری نہیں سمجھا کہ اس معاملے پر اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرے اور زیادہ تر اس معاملے پر لوگوں کے ذاتی تجربات ہی ملتے ہیں اور بیشمار لوگوں کا کہنا ہے کہ سخت زمین پر سونے سے کمر درد میں آرام ملتا ہے۔مگر اس بات کا کوئی سائٹفک ثبوت ابھی تک موجود نہیں ہے مگر سائنس یہ مانتی ہے کہ نرم میٹرس جسم کو پوری طرح سپورٹ نہیں کرتا اور سونے کے دوران جسم اس میں دھنستا ہے جس سے کمر میں خمیدگی پیدا ہوتی ہے اور یہ خمیدگی کمر درد کا باعث بنتی ہے۔ہاورڈ میڈیکل اسکول کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کمر درد کی صورت میں میٹرس کے نیچے سخت پلائی وڈ لگانی چاہیے یا میٹرس کو زمین پر بچھا کر لیٹنا چاہیے یا سخت میٹرس استعمال کرنا چاہیے اور ہاورڈ کے علاوہ دنیا میں بہت سے لوگ ہیں جو اپنے ذاتی تجربات میں بتاتے ہیں کہ نرم بستر ترک کرنے کے بعد انہیں کمر درد میں افاقہ حاصل ہوا۔
عرق النسا میں فائدہ:ماہرین کا کہنا ہے کہ کمر درد اور عرق النسا میں سخت بستر فائدہ دیتا ہے۔نرم بستر عرق النسا کی بیماری کو بڑھا دیتا ہے کیونکہ ایسے بستر پر سونے سے کمر میں خم آتا ہے اور سخت بستر کمر میں اس خم کو نہیں آنے دیتا جس کی وجہ سے درد کی شکایت کم ہوتی ہے۔
جسمانی پوسچر کو بہتر بناتا ہے:میڈیکل سائنس کے پاس اس بات کا کوئی واضح ثبوت نہیں ہے مگر نرم بستر سے اسپائن میں خم آجاتا ہے یہ بات سائنس تسلیم کرتی ہے اور بہت سے لوگوں کے ذاتی تجربے کے مطابق سخت بستر سے اسپائن کا خم ختم ہوتا ہے اور کھڑے ہونے کے دوران کمر کی خمیدگی بہتر ہوتی ہے جس سے پوسچر سیدھا ہونے کیساتھ خوبصورت بھی ہوتا ہے۔
زمین پر سونے کے نقصانات:کمر درد، عرق النسا اور سپائن میں خمیدگی سے کئی افراد زمین پر سونے کا ہی مشورہ دیتے ہیں مگر زمین پر سونا سب لوگوں کیلئے فائدہ مند نہیں ہوتا خاص طور پر بزرگ افراد کے لئے کیونکہ سرد موسم میں زمین پر سونے سے سردی لگنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور اگر زمین اچھی طرح صاف نہ ہو تو مٹی وغیرہ سانس کے راستے الرجی پیدا کر سکتی ہے۔
حاملہ خواتین کیلئے زمین پر سونا:بہت سی حاملہ خواتین میٹرس کے بجائے زمین پر لیٹنے سے زیادہ آرام محسوس کرتی ہیں مگر ضروری نہیں ہے کہ حاملہ خواتین زمین پر ہی لیٹیں بلکہ وہ جہاں زیادہ آرام محسوس کریں وہیں لیٹیں۔
نوٹ: زندگی کے کاموں میں میانہ روی اختیار کرنا بہترین طریقہ کار ہے اور میانہ روی کہتی ہے کہ بستر کو نہ بہت زیادہ نرم بناو اور نہ ہی بہت زیادہ سخت