کورونا وبا کی ہولناک گھڑی میں عرب ممالک کے تعاون کا شکریہ: مولانا عزیر احمد قاسمی

0

نئی دہلی: کورونا وبا کی دوسری ہولناک اور تباہ کن گھڑی میں سعودی عرب نے ۸۰؍میٹرک ٹن آکسیجن بھیج کر ہندوستانی حکومت اور ہندوستانی عوام کاجوتعاون کیا ہے اس کے لئے ہندوستان کے عوام خصوصا مسلمان سعودی عرب کے بہت شکر گزار ہیں۔ سعودی عرب کے اس انمول تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مرکزی جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری جناب عزیر احمد قاسمی نے اپنے ذریعہ اخبارات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے اس مصیبت کی گھڑی میں ہندوستان کی مدد کرکے ایک بہت بڑا احسان کیا ہے جس کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے ، اس لئے کہ اس وقت ہندوستان جس تکلیف دہ مراحل سے گزر رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔کورونا وباموت بن کر ملک کے گوشہ گوشہ میں پھیل چکی ہے، دواخانوں میں علاج میسر نہیں ہے ، قبرستانوں میں تدفین کےلئے جگہ نہیں ہے، اور شمشان گھاٹوں میں لاشوں کو جلانے کے لئے لکڑیاں میسر نہیں ہیں۔ ان حالات میں سعودی عرب کا ہندوستان کو آکسیجن اور دیگرضروری طبی امداد کا تعاون واقعی ناقابل فراموش اور بیش قیمتی سرمایہ ہے، اس کے لئے سربراہ سعودی عرب، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمدبن سلمان کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔مولانا عزیر احمد قاسمی نے ہندوستانی سفیر عزت مآب ڈاکٹر محمد سعود الساطی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہند سعودی تعلقات کے استحکام کے لئےہمیشہ پیش پیش رہے۔ وہیں ہندوستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے کویت نے بھی آکسیجن اور دیگرطبی ساز و سامان کے ذریعہ ہندوستان کی مدد کرکے ہندوستانی عوام پر خصوصی مسلمانوں پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ اللہ تعالی ان سربراہانہ مملکت کواجرعظیم سے نوازے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS