اختیاری مضمون کے طور پر اردو کی تدریس کابندوبست کیا جائے

0

ڈائرکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن کی سبھی بی ایس اے کو ہدایت
لکھنؤ(محمد علی/ایس این بی):ڈائرکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن و ریاستی پروجیکٹ ڈائرکٹر دفتر وجے کرن آنند نے ریاست کے سبھی بی ایس اے کو ہدایت دی ہے کہ بیسک ایجوکیشن بورڈ کے زیراختیار اور تسلیم شدہ سبھی پرائمری اسکولوں میں درجہ ایک سے 5 تک درس وتدریس کیلئے ٹائم ٹیبل میں سنسکرت کے ساتھ اردو کو بھی اختیاری مضمون کے بطور شامل کیا جائے۔ واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کے افسران کی لاپروائی کے سبب اردو کے ساتھ سوتیلا برتاؤ ہو رہا ہے۔ اتر پردیش میں بیسک ایجوکیشن بورڈ کے ماتحت چل رہے پرائمری اسکولوں میں آپشنل مضمون کی حیثیت سے اردو نہ پڑھائے جانے سے طلبا میں کافی بے چینی پائی جا رہی ہے اور حکومت کی سطح سے فراہم کرائی گئی اردو کتابوں کا استعمال نہیں ہو پا رہا ہے۔ ماضی میں اتر پردیش میں بیسک ایجوکیشن بورڈ کے پرائمری اسکولوں میں آپشنل مضمون کی شکل میں سنسکرت/اردو کی بھی تدریس کرائی جاتی رہی ہے لیکن تعلیمی سیشن 2020-21 کیلئے کورونا وبا کے سبب ڈائرکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ٹائم اینڈ موشن اسٹڈی کی بنیاد پر تدریسی کاموں کیلئے پڑھائے جانے والے مضامین کا ٹائم ٹیبل جاری کیا گیا جس میں درجہ 1 سے 5 تک کے تدریسی ٹائم ٹیبل سے اردو مضمون کو باہر کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں ارشد علی ساکن صفی پور ضلع انائو نے ڈائرکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن اتر پردیش، لکھنؤ کو درخواست دے کر جاری ٹائم ٹیبل میں سنسکرت کے ساتھ اردو مضمون پڑھانے کیلئے ترمیم شدہ ٹائم ٹیبل جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کی بنیاد پر ڈائرکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن وجے کرن آنند نے اردو مضمون کو ٹائم ٹیبل میں شامل کرنے سے متعلق ترمیمی احکام جاری کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS