افغانستان پر طالبان کا قبضہ، ‘ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار: آئی جی پی کشمیر

0
Image: Indian Express

اونتی پورہ،(یو این آئی): کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ سکیورٹی فورسز الرٹ ہیں اور مستقبل میں پیدا ہونے والے کسی بھی چیلنج کا پیشہ ورانہ طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے یہ بات ہفتے کو یہاں فوج کی وکٹر فورس ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کی جانب سے افغانستان پر طالبان کے قبضے اور اس کے کشمیر پر پڑنے والے اثرات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ آئی جی پی وجے کمار نے کہا: ‘طالبان کے معاملے پر مجاز اہلکار بات کر سکتے ہیں۔ میں جو بھی بات کروں گا وہ بحیثیت ایک پولیس افسر کروں گا۔ اگر یہاں کوئی دہشت گرد آتا ہے تو میرا کام اطلاعات جمع کر کے فوج کے ساتھ مل کر اسے ہلاک کرنا ہے۔انہوں نے کہا: ‘آگے جو بھی چیلنج آئے گا ہم پیشہ ورانہ طریقے سے ہینڈل کریں گے۔ ہم لوگ الرٹ ہیں۔ ہم عوام سے بھی تعاون مانگتے ہیں کہ اگر اس طرح کا کوئی فرد آتا ہے تو وہ معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘اگر کوئی بڑا حادثہ ہوتا ہے تو سب سے زیادہ متاثر مقامی لوگ ہو جاتے ہیں۔ سیاح آنے سے ڈریں گے۔ مقامی لوگوں کی معیشت متاثر ہوگی۔ لہٰذا میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ کو اس طرح کی کوئی اطلاع ملتی ہے تو پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS