پاکستانی فورسز کی کارروائی میں متعدد افغان شہری ہلاک

0

ہلاک ہونے والے والوں میں بچے بھی شامل، شمالی وزیرستان میں 7پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان کی کارروائی
اسلام آباد (ایجنسیاں) : پاک افغان سرحد پر پاکستانی فورسز کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران کم از کم 7افغان شہری مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے مقامی افغان حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرحد کے قریب پاکستانی ایئر فورس کی اور توپ خانے کی بمباری کے نتیجے میں متعدد افغان شہری مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملے افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ اور خوست میں رات گئے کیے گئے۔ طالبان کے محکمہ ثقافت و اطلاعات کے صوبائی سربراہ نجیب اللہ حنیف نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ہے کہ کنڑ میں گزشتہ3 دنوں سے پاکستانی فورسز کی جانب سے توپ خانے سے بھاری گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب بچوں سمیت 5عام شہری مارے گئے ہیں اور ایک زخمی ہے۔ اسی طرح صوبہ خوست میں طالبان کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی ایئرفورس نے صوبہ خوست کی سپیرہ ڈسٹرکٹ کے 4 دیہات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ کئی دیگر رپورٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا پاکستانی فورسز کی جانب سے حملے کیے گئے ہیں۔جمعہ کے روز شمالی وزیرستان میں گھات لگا کر ایک حملے میں 7پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پاکستانی نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے خبردار کیا تھا کہ جوابی کارروائی ہو گی۔ تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے افغان طالبان کے ساتھ قریبی روابط ہیں اور پاک افغان سرحد پر کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ افغانستان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اس عسکری گروہ نے پاکستان پر حملوں کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS