مرکز نے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی سی بی آئی سے جانچ کی سفارش قبول کرلی

    0

    مرکز نے آج سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ اس نے فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی مرکزی تفتیشی بیورو [سی بی آئی] کے ذریعہ چھان بین کرانے کی بہار حکومت کی سفارش قبول کر لی ہے اس طرح اس معاملے میں سیاست کا دائرہ اور وسیع ہوگیا جو دو ریاستوں بہار اور مہاراشٹر کو الجھائے ہوئے ہے۔
    بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کل اس نوعیت کی چھان بین کی سفارش کی تھی۔ سوشانت سنگھ راجپوت کے والد نے الزام لگا یا ہے کہ انہوں نے ممبئی پولیس سے فروری میں اپنے بیٹے کی جان کو لاحق خطرے کی اطلاع دی تھی لیکن اس کا کوئی نوٹس نہین لیا گیا تھا۔
    سی بی آئی کے ذریعے چھان بین کے مطالبے کی سپریم کورٹ میں مہاراشٹر کی حکومت نے مخالفت کی تھی اور کہا گیا تھا کہ پٹنہ میں درج ایف آئی آر کی نوعیت سیاسی ہے اور اس معاملے میں بہار پولیس کا کوئی دائرہ اختیار نہیں۔ اس موت کی تحقیقات ممبئی پولیس کررہی ہے۔ واضح رہے کہ 14 جون کو سوشانت سنگھ راجپوت اپنے ممبئی اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔
    سپریم کورٹ نے جو آج سوشانت سنگھ راجپوت کی دوست اور اداکارہ ریا چکرورتی کی طرف سے پٹنہ سے ممبئی میں ایف آئی آر کی منتقلی کی درخواست کی سماعت کررہی تھی، بہار ، مہاراشٹر ، مرکز اور متوفی اداکار کے والد سے کہا ہے ک چکرورتی کی درخواست پر تین دن میں جواب داخل کریں۔ اس ایف آئی آر میں  چکرورتی پر راجپوت کو مبینہ خودکشی کے موڑ تک پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS