یوپی میں نہیں کانوڑ یاترا کی اجازت، نظرثانی کرنے کا سپریم کورٹ کا مشورہ

0

نئی دہلی : (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو واضح کر دیا کہ اتر پردیش حکومت کو کانوڑ یاترا سے متعلق اپنے فیصلے پرعمل درآمد کی اجازت نہیں ہو گی۔ جسٹس روہنگٹن ایف نریمن اور جسٹس بی آر گوائی کی بینچ نے کہا کہ کووڈ وبا کے پیش نظر ریاستی حکومت کو کانوڑ یاترا سے متعلق حکم پر عمل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریاستی حکومت اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرے اور پیر تک بینچ کو معلومات فراہم کرائے۔

سماعت کےدوران مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل تشارمہتا نےعدالت کو بتایا کہ کوروناوبا کے پیش نظر مرکزی حکومت اس طرح کی یاترا کی اجازت نہیں دیتی ہے،اس پرعدالت نے اتر پردیش حکومت کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ سی ایس ویدیاناتھن سے کہا کہ مرکز کے اس تبصرے کے بعد ریاستی سرکار کانوڑ یاترا کی اجازت نہیں دے سکتی ہے۔

ویدیاناتھن نے عدالت سے اس معاملے پرغور کرنے کی درخواست کی،لیکن جسٹس نریمن نے کہا ’’یا تو ہم براہ راست احکامات جاری کریں گے یا آپ کو ایک اور موقع دیں گے تاکہ آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکیں‘‘ ۔

بعد میں عدالت نے ریاستی حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور پیرتک اسے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کانوڑ یاترا کے اپنے فیصلے پرعمل درآمد نہیں کرسکے گی عدالت نےاترپردیش حکومت کے اس فیصلے پراز خود نوٹس لیتے ہوئے بدھ کے روز نوٹس جاری کیا تھا۔ واضح کہ کانوڑ یاترا 25 جولائی سے شروع ہونی ہے۔ اتراکھنڈ حکومت نے کورونا وبا کی شدت کے پیش نظرکانوڑ یاترا پر روک لگا دی ہے،جب کہ اتر پردیش حکومت نے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS