غلط وقت پر لیے گئے صحیح فیصلہ سے ڈوبا سری لنکا

0

پنکج چترویدی

سری لنکا میں عوامی بغاوت کی تصویریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں اور بھوکے، مہنگائی سے پریشان، بے روزگاروں کی فوج نے صدارتی محل پر قبضہ کرلیا۔ سمجھنا ضروری ہے کہ آج جو وہاں کے حالات ہیں، اس کا آغاز اکتوبر 2021 میں ہوگیا تھا اور ابتدا میں خوراک کی قلت کا سبب اس ملک میں پوری طرح آرگینک کھیتی کو نافذ کرنا تھا، ظاہر ہے کہ کیمیائی کھاد اور جراثیم کش ادویات کی لابی کو یہ فیصلہ پسند نہیں آنا تھا لیکن یہ بھی سچ ہے کہ حکمراں کی نیت اس فیصلے کے پیچھے کچھ فرقہ وارانہ اور دور رس نتائج کی سوچ کے بغیر اسے جبراً نافذ کروانے کی تھی۔ الگ الگ اسباب سے سماج کے مختلف طبقات ناراض تھے اور پھر جب ایک وقت کھانے کی نوبت آگئی تو راشٹرواد کا چولہا راکھ بن گیا اور پیٹ کی آگ انقلاب بن کر محلوں کو گرانے کھڑی ہوگئی۔
ہمارے پڑوسی ملک سری لنکا میں اشیائے خورد ونوش کا بحران کوئی ڈیڑھ سال قبل کھڑا ہوگیا تھا۔ نومبر -21 میں وہاں حالات اتنے خراب تھے کہ خوردنی ایمرجنسی لگانی پڑی اور آلو، چاول جیسی ضروری اشیا کی تقسیم کی ذمہ داری فوج کے ہاتھوں میں دے دی گئی۔ یہ سچ ہے کہ کووڈ کے سبب سری لنکا کی معاشی خوشحالی کے اہم محرک سیاحت کو بڑا نقصان ہوا تھا لیکن 2کروڑ 13لاکھ کی آبادی والے چھوٹے سے ملک نے اپریل 2021 میں ایک انقلابی قدم اٹھایا۔ سری لنکائی سرکار نے ملک کی پوری کاشتکاری کو کیمیائی کھاد اور جراثیم کش ادویات سے آزاد کرکے صدفیصد آرگینک کاشتکاری کرنا طے کیا، اس طرح بغیر کیمیا کے ہر دانہ اگانے والا پہلا ملک بننے کی چاہت میں سری لنکا نے جراثیم کش کھاد اور زرعی کیمیا کی درآمدات اور استعمال پر پوری طرح پابندی لگادی۔ دہائیوں سے کیمیا کی عادی ہوگئی زمین بھی اتنی فوری تبدیلی کے لیے تیار نہیں تھی پھر جراثیم کش کھاد کی بین الاقوامی لابی کو ہوئے اتنے بڑے نقصان پر انہیں بھی کچھ خرافات تو کرنا ہی تھا، بہرحال سری لنکا کے موجودہ حالات کے مدنظر ساری دنیا میں زرعی پیداوار کے بڑے ممالک کے لیے یہ انتباہ بھی ہے اور سبق بھی کہ اگر تبدیلی لانی ہے تو بلاتاخیر ایک ساتھ کرنے پر فوری طور پر مخالف نتائج کے لیے بھی تیار ہونا پڑے گا۔
سری لنکا کی مجموعی گھریلو پیداوار یعنی جی ڈی پی میں کھیتی- کسانی کی شراکت 8.36فیصد ہے اور ملک کے مجموعی روزگار میں کھیتی کا حصہ 23.73فیصد ہے۔ اس ہرے بھرے ملک میں چائے کی پیداوار کے ذریعہ بڑی مقدار میں غیرملکی کرنسی آتی ہے، یہاں ہرسال 278.49 میٹرک کلوگرام چائے پیدا ہوتی ہے جس میں کئی قسم دنیا کی سب سے مہنگی چائے کی ہے۔ کھیتی میں کیمیا کے استعمال کی مار چائے کے باغات کے علاوہ کالی مرچ جیسے مصالحہ کے باغات پر بھی اثر پڑا ہے۔ اس ملک میں چاول کے ساتھ ساتھ ڈھیر ساری پھل سبزی اگائی جاتی ہے۔ سری لنکا سرکار کی سوچ ہے کہ بھلے ہی کیمیا والی کاشتکاری میں کچھ زیادہ فصل آتی ہے لیکن اس کے سبب ماحولیات کٹاؤ آبی آلودگی بڑھی ہے اور گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک موسمیاتی تبدیلی کی مار جھیل رہا ہے اور ملک کو بچانے کا واحد طریقہ ہے کھاد کو کیمیا سے پوری طرح پاک کرنا۔ حالانکہ ماہرین کا اندازہ ہے کہ فصلیں ملک کی عام پیداوار کا تقریباً نصف رہ جائیںگی۔
دوسری طرف چائے کی پیداوار ڈراؤنی ہیں کہ کم فصل ہونے پر کھیتی کے اخراجات بڑھیںگے۔ پوری طرح سے آرگینک ہوجانے پر ان کی فصل کی 50فیصد کم پیداوار ہوگی لیکن اس کی قیمت 50فیصد زیادہ ملنے سے رہی۔
سری لنکا کا یہ فیصلہ ماحولیات، کھانے کی چیزوں کے معیار اور زمین کی صحت کو دھیان میں رکھتے ہیں، تو بہت اچھا تھا لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ ملک نے اپنے کسانوں کو آرگینک کاشتکاری کے لیے بڑے پیمانہ پر ٹریننگ تک نہیں دی، پھر سرکار کے پاس ضروری مقدار میں آرگینک کھاد بھی فراہم نہیں تھی۔ ایک اندازہ کے مطابق ملک میں روزانہ تقریباً 3,500 ٹن نگرپالیکا آرگینک کچرا پیدا ہوتا ہے۔ اس سے سالانہ بنیاد پر تقریباً 2-3 ملین ٹن کمپوسٹ کی پیداوار کی جاسکتی ہے۔ حالانکہ صرف آرگینک دھان کی کھیتی کے لیے 5ٹن فی ہیکٹیر کی شرح سے سالانہ تقریباً 4ملین ٹن کھاد کی ضرورت ہوتی ہے۔ چائے باغات کے لیے آرگینک کھاد کی مانگ 30لاکھ ٹن اور ہوسکتی ہے۔ ظاہر ہے کہ کیمیائی سے آرگینک کاشتکاری میں تبدیلی کے ساتھ ہی سری لنکا کو آرگینک کھادوں اور بایو کھادوں کی بڑی گھریلو پیداوار کی ضرورت ہے۔ سرکار کی نیت بھلے ہی اچھی تھی لیکن اس سے کسانوں کے سامنے بھکمری اور کھیت میں کم پیداوار کے ڈراؤنے حالات پیدا ہوگئے۔
اس بیچ بین الاقوامی کھاد جراثیم کش لابی بھی سرگرم ہوگئی ہے اور دنیا کو بتا رہی ہے کہ سری لنکا جیسا تجربہ کرنے پر کتنے بحران آئیںگے۔ ہوور انسٹی ٹیوشن کے ہینری ملر کہتے ہیں کہ آرگینک کاشتکاری کا نقصان دہ اثر کم پیدوار ہے، جو پانی اور کھیت کی بربادی کا سبب بنتا ہے۔ پلانٹ پیتھالوجسٹ اسٹیون سیویج کے ایک سروے کے مطابق آرگینک کھیتی کی ماحولیاتی لاگت اور خطرناک اثرات کا اپنا حصہ ہے۔ ’’پورے امریکہ میں آرگینک کھیتی کے لیے 109 ملین سے زیادہ ایکڑ اراضی کی کھیتی کی ضرورت ہوگی- جو ملک کی موجودہ شہری اراضی سے 1.8گنا زیادہ ہے۔‘‘ ایک بات اور کہی جارہی ہے کہ آرگینک کھیتی کے سبب کسان کو سال میں 3تو کیا 2فصل ملنا بھی مشکل ہوگا کیونکہ اس طرح کی فصل وقت لے کر پکتی ہے جس سے پیداواری وقفہ میں اور اضافہ ہوسکتا ہے۔ پیداوار کم ہونے پر غریب لوگ بڑھتی قیمت کی زد میں آئیںگے لیکن یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ اندھادھند کیمیا کے استعمال سے تیار فصلوں کے سبب ہر سال کوئی 25لاکھ لوگ ساری دنیا میں کینسر، پھیپھڑوں کی بیماری وغیرہ سے مرجاتے ہیں۔ اکیلے جراثیم کش کے استعمال سے خودکشی کرنے والوں کی تعداد سالانہ 3لاکھ ہے۔ اس طرح کی پیداوار کے کھانے سے عام لوگوں کی قوت مدافعت کم ہونے، بیماری کا شکار ہونے اور بے وقت موت سے نہ جانے کتنا خرچ عام لوگوں پر پڑتا ہے، ساتھ ہی اس سے انسان کے محنت ومزدوری کے کام کے ایام بھی متاثر ہوتے ہیں۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد بڑھتی آبادی کی خوردنی ضروریات کی تکمیل کے لیے ساری دنیا میں ’سبز انقلاب‘ شروع کیا گیاتھا۔ 1960کی دہائی تک روایتی ایشیائی کھیتی کے طریقوں کو ایک ترقیاتی سائنٹفک زرعی نظام میں تبدیل کردیاتھا۔ اعلیٰ پیدوار دینے والے ہائی برڈ بیجوں کو پیش کیاگیا تھا لیکن وہ زرعی کیمیا پر زیادہ منحصر تھے جس کے نتیجہ میں لوگوں، جانوروں اور ماحولیات کے لیے خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ یہ کیسا المیہ ہے کہ ساری دنیا کیمیا اور جراثیم کش سے اگائی فصل کے انسان کے جسم اور پورے ماحولیات پر دور رس نقصان سے واقف ہے۔ لیکن عالمی سطح پر محض ایک فیصد کھیتوں میں ہی پوری طرح آرگینک کاشتکاری ہورہی ہے۔ اگر آرگینک اور روایتی طریقوں کا سلیقے سے ایڈجسٹمنٹ کیا جائے تو فصل کی پیداوار کو آسانی سے بڑھایا جاسکتا ہے۔
سری لنکا کی نئی پالیسی سے پہلے خوردنی -ایمرجنسی جیسے ڈراؤنے حالات پیدا ہوئے۔ اس کے بعد کیمیائی کھادوں کے استعمال سے متعلق فیصلے کو پلٹ دیاگیا۔ لیکن تب تک بہت دیر ہوگئی تھی اور ایک بھیانک خوردنی بحران دستک دینے کی تیاری کرچکا تھا۔ اس کا ہی نتیجہ ہے کہ آج سری لنکا مالیاتی وکھاد بحران سے اتنا پریشان ہوگیا ہے کہ اس کی معیشت پوری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ سری لنکا کی سب سے بڑی غلطی یہ رہی کہ بیرون ملک سے قرض لے کر ترقی کی دمکتی تصویر دکھائی پھر سود اتنا ہوگیا کہ ملک دیوالیہ ہوگیا۔
سری لنکا میں بھی ہندوستان کی طرح کھیتی کی روایتی جانکاریوں کا ذخیرہ ہے۔ وہاں بھی پیڑ آیوروید کی طرح کے گرنتھ ہیں، وہاں اپنی بیج ہے اور پانی کے اچھے قدرتی وسائل بھی۔ یہ تلخ حقیقت ہے کہ سری لنکا سرکار کو آرگینک کھاد والے فیصلے کی بڑی قیمت چکانی پڑی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایک بار پھر جڑوں کی طرف لوٹنا شروعات میں تو تکلیف دہ ہے لیکن یہ موسمیاتی تبدیلی سے پریشان ساری دنیا کو اس کے بارے میں ایک ساتھ سوچنا ہوگا۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS