سیاہ رنگت کے باعث نہ صرف ’کم اہمیت’دی گئی بلکہ’معاوضہ’بھی کم دیا گیا۔:سیرینا ولیمز

0

نیو یارک (ایجنسی ):معروف امریکی ٹینس اسٹار 39 سالہ سیرینا ولیمز کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی دیگر سیاہ فام افراد کی طرح نسلی تعصب کا سامنا کیا ہے اور انہیں بھی سیاہ رنگت کے باعث نہ صرف ’کم اہمیت‘دی گئی بلکہ انہیں’معاوضہ‘بھی کم دیا گیا۔ سیرینا ولیمز نے معروف فیشن میگزین ’ووگ‘ کے برطانوی شمارے سے بات کرتے ہوئے پہلی بار اپنے ساتھ رنگت کی وجہ سے ہونے والے مسائل پر کھل کر بات کی۔سیرینا ولیمز ووگ کے آئندہ ماہ کے نومبر کے شمارے میں سروروق کی زینت بنی ہیں اور انہوں نے اس موقع پر دنیا بھر اور خصوصی طور پر امریکہ و یورپ میں سیاہ فام افراد کے ساتھ ہونے والے نسلی امتیاز پر کھل کر بات کی۔
سیرینا ولیمز نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کہاں کہاں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کا اشارہ ٹینس کی فیلڈ کی جانب تھا۔سیرینا ولیمز کا شمار نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھر کی معروف ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ،انہوں نے 23 گرینڈ سلم جیت رکھے ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں حاملہ ہونے کے باوجود آسٹریلین اوپن شپ جیتی تھی۔سیرینا ولیمز نے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ٹیکنالوجی سیاہ فام افراد سمیت نسلی تعصب کا شکار دیگر افراد کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے ۔ ٹینس اسٹار کے مطابق اب جہاں بھی کسی کو اس کی سیاہ رنگت کی وجہ سے تعصب کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،وہ مذکورہ مسئلے پرٹوئٹ کرنے سمیت ویڈیو شیئر کرتا ہے اور لوگ اس کی آواز بنتے ہیں۔ سیرینا ولیمز نے بتایا کہ نسلی تعصب کا شکار ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی اپنی رنگت نکھارنے یا سفید کرنے سے متعلق نہیں سوچا بلکہ انہیں اپنی تیز اور سیاہ فام رنگت پر فخر ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS