پرشانت بھوشن کے خلاف توہین عدالت معاملہ کی سماعت چار اگست تک ملتوی

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پرشانت بھوشن کے خلاف تقریباً 11 سال پرانے توہین عدالت کیس کی سماعت جمعہ کو چار اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔
دونوں مدعا علیہان پرشانت بھوشن اور ترون تیجپال کی جانب سے پیش وکیلوں نے جسٹس ارون کمار مشرا،جسٹس بی آر گوئی اور وی رماسبرمنیم کی بنچ سے درخواست کی کہ اس معاملہ کی سماعت تب کی جائے ،جب کمرہ عدالت میں پہلے کی طرح سماعت ہو۔
معاملہ میں خود کو فریق بنانے کا مطالبہ کررہے سابق وزیر قانون شانتی بھوشن نے کہا کہ معاملہ کی سماعت کمرہ عدالت میں سماعت پھر سے شروع ہونے کے بعد کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا،’’یہ معاملہ تقریباً 11 سال پرانہ ہے،اس لئے اس کی اس طرح عجلت میں سماعت نہیں ہونی چاہئے۔
جونئر بھوشن کی جانب سے پیش سینئر وکیل راجیو دھون نے کہا،’’یہ کافی پرانا معاملہ ہے۔آخری مرتبہ اس میں 2012 میں سماعت ہوئی تھی،تب میں اور جیٹھ ملانی ،پرشانت بھوشن کی طرف سے پیش ہوئے تھے۔وہ(مرحوم جیٹھ ملانی)اب دنیا میں نہیں رہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ معاملہ میں آخری بار سماعت ہوئے سات سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔معاملہ میں قدیم ریکارڈ کو پھر سے دیکھنا پڑے گا اس لئےسماعت ملتوی کردی جانی چاہئے۔
دوسرے مدعا علیہ ترون تیجپال کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ معاملہ میں نو-دس سال انتظار کیا گیا ہے تو تھوڑا اور وقت لگ جائے تو بہت بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہوجائے گا۔انہوں نے کہا،’’مجھے یہ معاملہ کل ہی ملا ہے،اس لئے مجھے کیس کی فائل کا مطالعہ کرنے کا بہتر وقت بھی نہیں ملا ہے۔
اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کے لئے چار اگست کی تاریخ مقرر کی۔
جونیئر بھوشن 2009 میں تہلکہ میگزین میں دئے گئے ایک انٹرویو میں سپریم کورٹ کے جج کے خلاف تبصرہ کے تعلق سے عدالت کی توہین کا مقدمہ جھیل رہے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS