دہلی وقف بورڈ ملازمین کی بے مدت بھوک ہڑتال جاری

0

اگر ملازمین کی تنخواہ جاری نہیں کی گئی تو تیل چھڑک کر آگ لگالوں گی:رضیہ سلطانہ
 

پچھلے9مہینے سے تنخواہ نہ ملنے کے خلاف دہلی وقف بورڈ کے ملازمین کی ہڑتال دوسرے دن بھی جاری رہی۔جمعرات کو شروع ہوئے دھرنا میںآج جمعہ کو تمام بورڈ ملازمین شامل ہوگئے ۔واضح رہے کہ وقف بورڈ ملازمین کی ہڑتال کا آج دوسرا دن تھا مگر ابھی تک بورڈ سی ای او یا دہلی حکومت کی جانب سے ان کے مطالبات جاننے کے لئے کوئی نہیں آیا جس سے ملازمین میں نارضگی پیدا ہوگئی ہے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل تمام ملازمین نے 20اکتوبرکو اپنے مطالبات کی حمایت میںوقف بورڈ کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر اور تمام ممبران کو ایک لیٹر دیا تھا جس کی ایک کاپی وزیر برائے محکمہ ریونیواور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکجریوال کو بھی دی تھی جس میں اپنے مطالبات کی حمایت میں 28اکتوبر سے اسٹرائک پر جانے کا اعلان کیا تھا مگر بورڈ ممبران کے ایک وفد نے ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں ایک ہفتہ کے اندر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی مگر انکے ذریعہ کرائی گئی یہ یقین دہانی محض ڈھکوسلہ ثابت ہوئی اور اب تمام ممبران یہ کہہ کر پلہ جھاڑ رہے ہیں کہ ہم نے سی ای او کو بورڈ میٹنگ بلانے کے لیئے لیٹر لکھ دیا ہے مگر سی ای او ہماری بات نہیں مان رہے ہیں اور میٹنگ نہیں بلارہے ہیں۔ملازمین کی ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے اور تمام ملازمین ہاتھوں میں پلے کارڈ لیئے ہوئے وقف بورڈ انتظامیہ سے اپنے مطالبات کی مانگ کرتے نظر آئے ۔بورڈ کے تمام ملازمین کا کہنا ہے کہ سی ای او  کیوں بورڈ میٹنگ نہیں بلارہے ہیں جبکہ وقف بورڈ کے چار ممبران نے انھیں اس بابت لیٹر بھی لکھ دیا ہے۔بورڈ ملازمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر سی ای او میٹنگ نہیں بلارہے ہیں توبورڈ ممبران وقف ایکٹ کے حساب سے خود میٹنگ کیوں نہیں بلالیتے۔ آج وقف بورڈ کی ممبر رضیہ سلطانہ نے احتجاج کررہے ملازمین سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہاکہ آپ کے مطالبات بالکل جائز ہیں اور میں ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہوں ۔انہوںنے کہاکہ آج آپ کو سڑکوں پر اترناپڑا ہے یہ دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں نے بھوک ہڑتال کرنے والی دو خواتین ملازمات سے بات کی تو انہوںنے کہاکہ ویسے بھی تو بھوکے مر رہے ہیں اب بھوک ہڑتال نہیں کریںگے تو اور کیاکریں؟
رضیہ سلطانہ نے کہاکہ سی ای او میٹنگ نہیں بلارہے ہیں اور بہانہ بازی کررہے ہیں ۔انہوںنے وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ اگر تمام ملازمین کی جلد تنخواہ جاری نہیںکی گئی تو میں مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ کے حوالے کردوں گی۔رضیہ سلطانہ نے کہاکہ ہم ایک دو دن انتظار کریںگے اور اگر جلد مسئلہ کا حل نہیں نکالا گیا تو وقف بورڈ کے سی ای او کے دفتر کا گھیراؤکرکے وہاں احتجاج کیا جائے گا اور سی ای او کو دفتر میں لاک کردیا جائے گا۔ انہوںنے تمام ملازمین کو اپنی پوری حمایت کا یقین دلایا۔اس سے قبل تمام ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے سابق چیئرمین وقف بورڈ کے پی اے فیروزخان نے کہاکہ ہم تمام ملازمین متحد ہیں اور جب تک تمام ملازمین کی تنخواہ جاری نہیں کی جاتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
اور ابھی تو صرف کام بند ہوا ہے اگر ضرورت پڑی تو دہلی وقف بورڈ کے آفس پر تالا ڈال دیا جائے گا اورکسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔فیروز خان نے آگے کہاکہ ممبران ہمیں جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS