روس یوکرین میں ایرانی ساختہ ڈرون استعمال کر رہا ہے :یائر لپیڈ

0

تل ابیب (یو این آئی) : اسرائیلی وزیر اعظم یائر لپیڈ نے جمعرات کو کہا ہے کہ ایران ایک ’دہشت گرد‘ریاست ہے اور روس کے ساتھ اس کے تعلقات دنیا کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے آر ٹی وی آئی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ممالک کے درمیان تعلقات ایک پیچیدہ عمل ہے ۔ بلاشبہ ہم دیکھتے ہیں کہ روس اور ایران کے تعلقات نہ صرف اسرائیل کے لیے بلکہ یوکرین، یورپ اور پوری دنیا کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہیں۔ ایران ایک خطرناک ملک اور دہشت گرد ریاست ہے ۔ اس کے باوجود روس اس کے ساتھ معاملات کر رہا ہے اور پوری دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے ۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے روس پر یوکرین میں ایرانی ساختہ ڈرون استعمال کرنے کا الزام بھی لگا دیا، اس دوران انہوں نے ماسکو اور تہران کی جانب سے ان الزامات کی سرکاری تردید کو نظر انداز کئے رکھا۔ یاد رہے یوکرین کی وزارت دفاع کے مشیر یوری ساک نے العربیہکو خصوصی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک کے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ کیف میں مار گرائے جانے والے مارچ ایرانی ساختہ تھے ۔ انہوں نے کہا روس کو ڈرونز فراہمی کی وجہ سے ایران کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس گفتگو میں یوکرینی مشیر دفاع نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ موسم سرما سے قبل روس کی جانب سے توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک ”دہشت گردانہ” فعل ہے ۔کیف نے پیر کو تہران کو اپنے شہریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ دوسری طرف ایران نے روس کو یوکرین میں استعمال کے لیے ڈرونز فراہم کرنے کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔یوکرین کے صدر کے مشیر پوڈولیاک نے کہا تھا کہ روس کے یوکرینی شہروں پر حملے کے بعد ایران ”یوکرینیوں کی ہلاکت” کا ذمہ دار ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS