سومی سے تمام ہندوستانی طلبا کو نکالا گیا،روس کا یوکرین میں جنگ بندی کا اعلان

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ جنگ زدہ یوکرین کے سومی شہر سے سبھی ہندوستانی طلبا کو نکال لیاگیاہے اور طلبا بسوں میں سوار ہوکر پولتاوا شہر کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹوئٹ کیاکہ ’یہ مطلع کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے سومی سے سبھی ہندوستانی طلبا کو نکال لیا ہے۔ وہ ابھی پولتاوا شہر کیلئے راستے میں ہیں، جہاں سے وہ مغربی یوکرین کیلئے ٹرینوں میں سوار ہوں گے‘۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن گنگا کے تحت پروازوں میں انہیں ہندوستان واپس لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے شروع ہونے کے بعد سے مشرقی یوروپی ملک میں پھنسے 17100 سے زائد ہندوستانی طلبا کو اب تک واپس لے آیاہے۔ سومی میں روسی اور یوکرینی فوجیوں کے درمیان کئی دنوں سے جنگ چل رہی ہے۔
دوسری جانب روسی مسلح افواج نے دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے کئی شہروں سے شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کیلئے مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجے سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔ روسی وزارت دفاع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ وزارت کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے صحافیوں کو بتایاکہ جنگ بندی آج ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 10بجے شروع ہوئی اور انسانی ہمدردی کی راہداریوں کو کیف، چرنیہیو، سومی، کھرکیف اور ماریوپول میں کھول دیا گیا۔اس سے کچھ دیر پہلے یوکرین کی نائب وزیر اعظم ارینا ویریشچک نے کہا تھا کہ انسانی ہمدردی کی راہداری منگل کو سومی میں کھل جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ آج ہی سومی شہر کیلئے ایک انسانی راہداری شروع کی جانی چاہیے۔اس پر روسی وزارت دفاع کے ساتھ آئی سی آر سی کو ایک خط میں باضابطہ طور پر اتفاق کیا گیا تھا۔ یعنی ریڈ کراس اور ہم دونوں نے ہیومینٹیرین کوریڈور کھولنے پر اتفاق کیا ہے اور ہمارے پاس دستاویزی ثبوت بھی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور چین کے شہریوں سمیت تمام شہریوں کو سومی سے پولٹاوا پہنچایا جائے گا۔ سومی میں 500سے زیادہ ہندوستانی طلباپھنسے ہوئے ہیں۔
روس کی جانب سے سومی میں عارضی جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کے اعلان کے باوجود طلبا کو وہاں سے نہیں نکالا جا سکا۔ محترمہ ویریشچک نے صبح 7بجے (مقامی وقت) پر جنگ بندی کا اعلان کیا، تاکہ لوگ انسانی ہمدردی کی راہداری کے ذریعے سومی سے نکل سکیں۔ پہلا گروپ صبح 8بجے (مقامی وقت کے مطابق) راہداری سے گزرنا شروع کر دے گا۔ انہوں نے بتایاکہ کسی اور راستے پر اتفاق نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS