روس اوریوکرین پرفوری جنگ بندی اور سومی میں پھنسے طلباکونکالنے پرزور

0

کیف/نئی دہلی، (یو این آئی) : یوکرین کے سومی میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے روس اور یوکرین کی حکومت پر ان کے لئے ایک محفوظ راہداری بنانے کے لئے فوری جنگ بندی کے لئے دباؤ ڈالا ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے سومی میں پھنسے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ پناہ گاہوں کے اندر رہیں اور غیر ضروری طورپر خطرے میں خود کو ڈالنے سے گریز کریں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایاکہ “ہم سومی (یوکرین) میں ہندوستانی طلباء کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔ ہم نے روس اور یوکرین کی حکومتوں پر متعدد رابطوں کے ذریعے فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالا ہے تاکہ ان کے لیے ایک محفوظ راہداری بنائی جا سکے ۔’’”طلبہ کو حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ، پناہ گاہوں کے اندر رہنے اور غیر ضروری طور سے خود کو خطرے میں ڈالنے سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ وزارت اور ہمارے سفارت خانے اس کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔”
اس دوران سومی اسٹیٹ یونیورسٹی کے ہندوستانی طلباء کے ایک بڑے گروپ نے ویڈیو پر اعلان کیا کہ وہ ماریوپول کی طرف بڑھ رہے ہیں، جہاں روس کی طرف سے جزوی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ویڈیو میں طلباء نے یہ بھی بتایاکہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری ہندوستانی حکومت پر عائد ہوگی۔ ہندوستانی پرچم لہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کی آخری ویڈیو ہے ۔ ویڈیو میں ایک طالب علم نے بتایاکہ ‘‘ہم نے طویل انتظار کیا ہے اور ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے ۔ ہم اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ہم سرحد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
اگر ہمیں کچھ ہوا تو ہندوستانی سفارت خانہ اور حکومت ہند ذمہ دار ہوگی۔ اگر ہم میں سے کسی کو کچھ ہوا تو آپریشن گنگا کی سب سے بڑی ناکامی ہوگی۔’’ایک اور طالب علم نے کہاکہ “یہ ہماری آخری ویڈیو ہو سکتی ہے ۔ برائے مہربانی ہمارے لیے دعا کریں۔”

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS