پنجاب اور بنگلور کے میچ میںوراٹ کوہلی پر ہوں گی سب کی نظریں

0

ممبئی (یو این آئی) : کپتانی کے دباؤ سے پوری طرح آزاد ہو چکے وراٹ کوہلی کی بلے بازی پررائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگز کے درمیان اتوار کو ہونے والے آئی پی ایل میچ میں سب کی نظریں ہوں گی۔ آئی پی ایل میں اب تک خطاب سے محروم رہنے والی ٹیموں پر جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کے آغاز کا دبائو بھی ہوگا۔
گزشتہ سیزن میں لیگ مرحلے میں تیسرے نمبر پر رہنے کے بعد، رائل چیلنجرز بنگلور کو ایلیمنیٹر مقابلے میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ یہ لگاتار دوسرا موقع تھا جب آرسی بی پلے آف میں داخل ہوا تھا۔ نوشادی شدہ گلین میکسویل کم از کم آر سی بی کے پہلے دو میچوں میں نہیں کھیل پائیں گے ، جب کہ جوش ہیزل ووڈ آسٹریلیا کے وعدوں کی وجہ سے پہلے تین میچوں سے باہر رہیں گے ۔ میکسویل کی پاور ہٹنگ کی غیر موجودگی میں، آر سی بی کو فن ایلن اور شیرفین ردرفورڈ کے درمیان کسی ایک کاانتخاب کرنا ہوگا۔ جہاں ایلین ٹاپ آرڈر میں جارحیت فراہم کرتے ہیں وہیں ردر فورڈ ایک فنشر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ٹی-20 میچوں میں ایلن کااسٹرائیک ریٹ 175.65 کا ہے ، تو وہیں ردر فورڈ کیریبین پریمیئر لیگ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے تھے ۔
طویل عرصے سے آرسی بی اپنے ٹاپ آرڈر پر منحصر رہی ہے ۔ سیزن درسیزن، تبدیلی کرنے کی ہر کوشش میں وہ ناکام رہے اور ایک ہی جگہ کھڑے رہے ۔ گزشتہ سال مڈل آرڈر میں انہوں نے کے ایس بھرت اوررجت پاٹیدار کو آزمایا۔ اس بار انہیں مہیپال لومرور اور سویش پربھودیسائی سے امید ہوگی کہ وہ میکسویل اور دنیش کارتک کاساتھ دیں۔
راجستھان رائلز کے لیے چنندہ میچ کھیلنے والے انوج راوت کو آر سی بی کے لیے اوپننگ کا موقع مل سکتا ہے ۔ ٹاپ آرڈرمیں اب دیو دت پڈیکل نہیں رہیں گے ۔ لیکن نوجوان انوج راوت کی شکل میں ان کے پاس ایک باصلاحیت کھلاڑی موجود ہے ۔ کیا وہ اپنے ٹیلنٹ کو اچھی کارکردگی میں تبدیل کرسکیں گے ؟ آر سی بی انہیں کپتان فاف ڈو پلیسس کے ساتھ اوپننگ کا سنہری موقع دینے کے لیے تیار ہے ، جس کے سبب ویراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر آزادانہ طور پر بلے بازی کر سکیں گے ۔ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گاؤسکر نے کہا ہے کہ وراٹ کو اپنی بلے بازی کا بھرپور لطف اٹھانا چاہیے ۔
برقراررکھے گئے محمد سراج اوردوبارہ خریدے گیے ہرشل پٹیل گینابازی کی قیادت کریں گے ۔ ہرشل گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ 32 وکٹیں لینے کے بعد ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ اسپن ڈپارٹمنٹ میں یزویندر چہل کی ذمہ داری اب ونندو ہسرنگا ادا کریں گے ۔ کرن شرما کی شکل میں ٹیم کے پاس ایک ہندوستانی لیگ اسپن کا آپشن موجود ہے ۔
شہباز احمد ٹیم کو گہرائی فراہم کرتے ہیں توسدھارتھ کول اور چاما ملند کی شکل میں ٹیم کے پاس ہندوستانی تیز گیند بازوں کا اچھا بیک اپ ہے ۔ کول اور ملند طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
پنجاب کے لیے پچھلا سیزن زیادہ اچھا نہیں رہاتھا۔ لگاتار دوسرے سیزن میں، پنجاب کنگز 12 پوائنٹس کے ساتھ آٹھ ٹیموں میں چھٹے نمبر پر رہی۔
کگیسو ربادا بنگلہ دیش کے خلاف قومی وابستگیوں کی وجہ سے پنجاب کنگز کے ابتدائی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔ جونی بیئرسٹو انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز میں ہیں اور امکان ہے کہ وہ پہلے دو میچوں میں نہیں کھیل سکیں گے ۔ اگر پنجاب کنگز فائنل میں پہنچتی ہے تو بیئرسٹو فائنل کے لیے بھی دستیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز 2 جون سے شروع ہو رہی ہے ۔
پنجاب کنگز کے پاس شکھر دھون اور نئے کپتان مینک اگروال کی شکل میں ایک تجربہ کار اوپننگ جوڑی ہے ۔ اس کے بعد لیام لیونگسٹن اور بیرسٹو آئیں گے ۔ دونوں ہی غیر ملکی بلے باز کسی بھی طرح کے باؤلنگ اٹیک کو تہس نہس کر سکتے ہیں، جس سے اس ٹیم کا ٹاپ فور اس سال آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کے مقابلے سب سے اچھا ہے ۔ شاہ رخ خان اور اوڈین اسمتھ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ دھماکہ خیز بیٹنگ جاری رہے گی، جبکہ ہرپریت براڑ اور ربادا گہرائی فراہم کرتے ہیں۔ پوری دنیا میں گھوم گھوم کر کرکٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر بینی ہاویل اسمتھ کے بیک اپ ہیں۔
پنجاب کنگز کا بہت زیادہ انحصار ربادا پر ہوگا۔ درحقیقت وہ ٹیم میں واحد گیند باز ہیں جو اپنی قومی ٹیم کے لیے باقاعدگی سے کھیلتے ہیں۔ لیکن ہندوستانی ڈومیسٹک آپشنز بہت ہیں، ارشدیپ سنگھ یقیناً پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے میں سب سے آگے ہیں۔ آئی پی ایل سے پہلے کا تجربہ رکھنے والے دوسرے دعویدار سندیپ شرما اور ایشان پوریل ہیں۔راہل چاہر اور براڑ اسپن کا شعبہ سنبھالیں گے ۔ چاہر اپنے تیز لیگ بریک سے بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں، جبکہ آئی پی ایل 2021 میں دس اوورز سے زیادہ بولنگ کرنے والوں میں براڑ (6.04) اکونمی سب سے اچھی تھی۔ تاہم، چاہر اور براڑ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے لیے اندراسپن کرائیں گے ، جو کنگز کے لیے خراب صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔ لیونگسٹن، جو آف اسپن اور لیگ اسپن دونوں کر سکتے ہیں، وہ کچھ راحت دے سکتے ہیں۔
ممکنہ الیون:
بنگلورو: فاف ڈو پلیسس (کپتان)، انوج راوت، وراٹ کوہلی، گلین میکسویل، مہیپال لومرور، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، ونندو ہسرنگا، ہرشل پٹیل، شہباز احمد/کرن شرما، محمد سراج، جوش ہیزل ووڈ
پنجاب: شکھر دھون، مینک اگروال (کپتان)، لیام لیونگسٹن، جونی بیرسٹو (وکٹ کیپر)، شاہ رخ خان، راج باوا، اوڈن اسمتھ، ہرپریت براڑ، کاگیسو ربادا، ارشدیپ سنگھ، راہل چاہر

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS