بے روزگاری کی شرح میں اضافہ

0

اکتوبر میں روزگار کے مورچہ پرمایوسی دیکھی جارہی ہے۔ سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکنامی (سی ایم آئی ای) کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں بے روزگاری شرح ستمبر کے مقابلے اکتوبر مہینے میں بڑھ کر 6.98 فیصد پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں ملک کی بے روزگاری شرح 6.67 فیصد تھی، جس میں اکتوبر میں 0.31 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔سی ایم آئی ای کی رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں کی بات کریں تو زرعی سیکٹر میں اصلاح کے حکومت کے تمام دعوؤں کے باوجود بھی یہاں اکتوبر میں بے روزگاری شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ دیہی علاقوں میں ایک فیصد اضافہ کے ساتھ بے روزگاری شرح 6.90 فیصد درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ ان اعداد و شمار کے مطابق اس دوران شہری علاقوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوئی ہے۔ اکتوبر میں ملک کے شہری علاقوں میں بے روزگاری شرح 7.15 فیصد درج کی گئی، جبکہ ستمبر میں 8.45 فیصد تھی۔
بے روزگاری کی شرح ریاستوں کے لحاظ سے دیکھیں تو ہریانہ فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ اس کے بعد راجستھان، جموں وکشمیر اور ہماچل پردیش کا نمبر آتاہے، جہاں بالترتیب 24.1فیصد، 16.1فیصد اور 13.5 فیصد کی شرح ہے۔ ان میں شمال مشرقی ریاست سکم کی بے روزگاری شرح 0.9 فیصد ہے، جوسب سے کم ہے۔دراصل ہندوستان میں کورونا بحران کا ملک کی معیشت پر بڑا اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ معیشت کو لگے جھٹکے کا اثر یہ ہوا کہ جون میں ختم سہ ماہی میں ہندوستان کی معاشی ترقی منفی میں چلی گئی تھی۔ سخت لاک ڈاؤن کے بعد جون سہ ماہی میں منفی 23.9 فیصد معاشی ترقی کی رپورٹ کے بعد ورلڈ بینک، آئی ایم ایف، موڈیز سمیت تمام عالمی معاشی ریٹنگ اداروں نے اس پورے مالی سال میں ملک کی معاشی شرح ترقی کے اندازے کو گھٹا دیا ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS