Image:RRS Urdu

مغربی بنگال میں 80.43 فیصد اور آسام میں72.14فیصد ووٹنگ
نئی دہلی (ایجنسیاں) : مغربی بنگال اور آسام کی69 سیٹوں پر دوسرے مرحلے کی پولنگ معمولی تشدداور ہنگامہ آرائی کے درمیان شام 6بجے ختم ہوگئی۔ پولنگ کا جو تناسب تھا، اسے دیکھتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ تشددپر رائے دہندگان کا جوش بھاری پڑا۔ بنگال میں تشدد اور بوتھ پر قبضے، نیز مشینوں کی خرابی کے کچھ واقعات کے درمیان 80.43 فیصد اور آسام میں 74.64 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ پہلے مرحلے میں دونوں ریاستوں میں بالترتیب 79.79 فیصد اور 72.14فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔اس دوران متعدد شکایات کی خبریں ہیں۔ وہیں آسام میں دوسرے مرحلے کی 39 نشستوں کیلئے 26 خواتین سمیت 345 امیدوار میدان میں ہیں۔
ترنمول کانگریس نے دوسرے مرحلے کی پولنگ 150ای وی ایم مشین کے خراب ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن کی لاپروائی کانتیجہ ہے ۔پارٹی کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ مہووا موئترا نے ٹویٹر پر لکھا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد سے اب تک 150سے زیادہ ای وی ایم مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن پولیس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے پر دھیان دینے کے بجائے اصل کام پر توجہ دیتا تو آج یہ صورت حال نہیں ہوتی۔ترنمول کانگریس کے امیدوار سیانتیکا بنرجی نے الزام لگایا کہ صبح سے بانکوڑا اور مشرقی مدنی پور کے بہت سے پولنگ اسٹیشنوں پر ای وی ایم صحیح طریقے سے کام نہیں کررہی ہے ۔
نندی گرام سیٹ پر ووٹنگ میں رخنہ اندازی کی شکایات پارٹی کارکنوں کی طرف سے ملنے کے بعد وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے کئی پولنگ مراکز کا دورہ کیا۔ نندی گرام کے بوئل علاقے کے باشندوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے حامیوں نے انہیں پولنگ بوتھ پر جانے سے روکا ہے ۔ ممتا بنرجی جیسے بوئل کے پاس پہنچی ، بی جے پی کے حامیوں نے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے۔پولیس کے مطابق ترنمو ل کانگریس کے رہنماؤں نے بوتھ نمبر7میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کرنے پر دونوں جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کی ایک بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے ۔ممتا بنرجی نے ایک پولنگ بوتھ سے گورنر جگدیپ دھنکھڑکو فون کیا۔اپنے حامیوں کے سامنے گورنر سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ مقامی لوگوں کو اپنا ووٹ ڈالنے نہیں دے رہے ہیں۔ میں صبح سے ہی اس علاقے میں ہوں۔ اب میں آپ سے اپیل کر رہی ہوں۔ برائے مہربانی نوٹس لیںاور انہوں نے پولنگ افسران سے بھی اس بارے میں بات چیت کی۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کی 30 نشستوں پر19 خواتین سمیت 171 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں سب سے اہم سیٹ نندی گرام کی ہے، جہاں سے ممتا بنرجی کا مقابلہ بی جے پی کے امیدوار شوبھندوادھیکاری سے ہے۔
ممتا بنرجی نے بنگال کے جے نگر میں جلسے سے وزیر اعظم مودی کے خطاب پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم مودی پولنگ کے دن کیوں جلسے کرتے ہیں۔ یہ ووٹرز کو متاثر کرنے کی کوشش ہے اور یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن غیر فعال ہے اور امت شاہ کے اشارے پر کام کررہا ہے۔ ادھرجے نگر میں ہی ممتابنرجی کا جواب دیتے ہوئے ایک انتخابی ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی کا پھول مغربی بنگال کیلئے ’شول‘ کی طرح ہے، جو ناقابل برداشت درد دے رہا ہے۔ بنگلہ میں بولتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ خون کا کھیل نہیں چلے گا ، نہیں چلے گا۔ صرف یہی نہیں انہوں نے ریلی میں آئے لوگوں سے بھی اس نعرے کولگوایا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کے ایکشن سے ہی اوپینین اور ایگزٹ پول سامنے آرہے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ پہلے تو ممتا بنرجی نے بھوانی پور چھوڑدیا اور اب نندی گرام میں الیکشن لڑ کرانہیں لگ رہا ہے کہ انہوں نے غلطی کی ہے۔ پہلے دور کے ووٹنگ کے بعد ممتا بنرجی کی بوکھلاہٹ اور بڑھ گئی ہے۔ نندی گرام سے بی جے پی کے امیدوار شوبھندوادھیکاری اور کیش پور سے بی جے پی کے ہی امیدوار تنمے گھوش پر حملے ہوئے۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے نندی گرام میں نوئل علاقے جہاں کے بوتھ کا دورہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کیا تھا میں ہوئے تشدد کے واقعات پر رپورٹ طلب کی ہے ۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نندی گرام میں متعدد بوتھوں کا دورہ کیا۔ ممتا بنرجی کے خلاف ان کے ہی سابق ساتھی شوبھندو ادھیکاری سے مقابلہ ہے۔ممتا بنرجی جیسے ہی بوئل بوتھ پر پہنچیں، وہاں بی جے پی کے حامی جے شری رام کے نعرے لگانے لگے۔ ممتا بنرجی کے دورے کے بعد وہاں پر تشدد کے واقعات ہوئے۔مرکزی فورسیز نے امن قائم کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ڈپٹی الیکشن کمشنر سدیپ جین نے بوئل کے علاقے میں پولنگ بوتھ کے باہر ہونے والے واقعہ اور اس سے قبل ہی کیش پور کے علاقے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی۔ جمعرات کی صبح مغربی مدنی پور کے علاقے کیش پور میں ترنمول کانگریس کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر چاقوسے وار کر کے ہلاک کردیا گیا۔انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 30 سیٹوں پر پولنگ ہورہی ہے۔ خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر غیر فعال ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور امت شاہ کے اشارے پر کمیشن کام کررہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS