ہماچل وگجرات میں ریکارڈ نقدی، شراب اور تحائف ضبط: الیکشن کمیشن

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) :گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات سے قبل نقدی، شراب اور مفت تحائف کی ’ریکارڈ ضبطی‘ہوئی ہے۔ یہ جانکاری الیکشن کمیشن (ای سی) نے جمعہ کو دی۔ کمیشن کے مطابق 2017 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے ہماچل پردیش میں اس طرح کی اشیاضبط کرنے میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔ گجرات میں انتخابات کے اعلان کے چند دنوں بعد ہی 71.88 کروڑ روپے کی نقد رقم ضبط کی گئی، جو 2017 کے اسمبلی انتخابات میں ماڈل ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران ضبط کی گئی نقدی سے کہیں زیادہ ہے۔ اس وقت ضبط کی گئی نقد رقم 27.21 کروڑ روپے تھی۔ اسی طرح ہماچل پردیش میں بھی اس بار اب تک 50.28 کروڑ روپے ضبط کیے گئے، جو 2017 میں ضبط کیے گئے 9.03 کروڑ روپے کے مقابلے5گنا زیادہ ہے۔
کمیشن نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے بھی 64 کروڑ روپے کے کھلونے اور سامان کو بڑے پیمانے پر ضبط کرنے کی جانکاری دی ہے جو ’غلط اعلان اور درآمدی کارگو کو چھپاکر‘ موندرا بندرگاہ پرا سمگل کیے جا رہے تھے۔ ای سی کے مطابق اس معاملے میں مرکزی سازشی سمیت2افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ کمیشن نے مزیدکہا کہ ہماچل پردیش میں 10 نومبر تک 17.18 کروڑ روپے کی نقدی، 17.5 کروڑ روپے کی شراب، 1.2 کروڑ روپے کی ممنوعہ ادویات اور 41 لاکھ روپے کے مفت تحائف ضبط کیے گئے۔ اسی طرح گجرات میں جمعرات تک 66 لاکھ روپے کی نقدی، 3.86 کروڑ روپے کی شراب، 94 لاکھ روپے کی ممنوعہ ادویات، 64.56 کروڑ روپے کے مفت تحائف ضبط کیے گئے۔ واضح رہے کہ پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں ہفتہ کو پولنگ ہوگی، جبکہ گجرات میں2مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ البتہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS