راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے جوانوں کو تمغوں سے نوازا

0
Image: Twitter of Rajnath Singh

نئی دہلی،(یواین آئی):وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 09 اکتوبر کو نئی دہلی میں منعقدہ تفویض اعزازات کی ایک تقریب میں انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کے جوانوں کو شجاعت اور شاندار خدمات کے تمغوں سے سرفراز کیا۔ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 21 اعزازات دئیے گئے۔ ان میں تین صدر تاترکشک تمغے (امتیازی خدمات) ، آٹھ تاترکشک تمغے (شجاعت) اور 10 تاتراشک تمغے (لائق تحسین خدمات) شامل ہیں۔ بے لوث عقیدت، مثالی جرأت اور انتہائی نوعیت کےحالات میں آئی سی جی جوانوں کی بہادری کے کاموں کے اعتراف میں انہیں تمغوں سے نوازا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے تمغہ یافتگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ اعزازات اور تمغے نہ صرف جیتنے والوں کے حوصلے بلند کریں گے بلکہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے دیگر جوانوں کو بھی قومی مفاد کے تحفظ کے لئے اپنی پوری کوشش بروئے کار لانے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے بحری سرحدوں اور ملک کی وسیع ساحلی پٹی کی حفاظت کے لئے ہندستانی کوسٹ گارڈ کی کوششوں کی ستائش کی۔
کوسٹ گارڈ کے جوانوں کی توانائی اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ انڈین کوسٹ گارڈ جس نے اپنی قومی سروس صرف 4 تا 6 کشتیوں سے شروع کی تھی اب 150 سے زائد جہازوں کے ساتھ دنیا کی بہترین بحری افواج میں سے ایک ہے اور اس کے پاس 66 طیارے بھی ہیں۔ اس فورس کی مستحکم پیش رفت سے لوگوں میں یہ اعتماد پیدا ہوتا ہے کہ قومی سمندری مفاد محفوظ نگرانی میں ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہندستان کی ثقافت، ادب، تجارت اور معیشت کا سمندر سے گہرا تعلق ہے راج ناتھ سنگھ نے نشاندہی کی کہ ممکنہ خوشحالی کے ساتھ ساتھ سمندر کو مختلف حفاظتی چیلنجوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ملک کی بحری سلامتی کو تقویت دینے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسے جامع داخلی اور خارجی سلامتی کے فریم ورک کا ایک اہم پہلو قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان کے بحری علاقے محفوظ ، سلامت اور آلودگی سے پاک ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سیکورٹی کی ضروریات کو پورا کرے گا اور ماحولیاتی صحت اور معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔
وزیر دفاع نے ‘رکاوٹ کے بغیر بحری سرگرمی’ کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کے لئے ایک ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان ایک ابھرتی ہوئی بحری طاقت ہے اور اس کی خوشحالی کا زیادہ تر انحصار سمندر پر ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ‘ساگر’ یعنی ‘خطے میں سب کے لئے سلامتی اور ترقی’ کے نقطہ نظر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مقصد کو حاصل کرنے میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے، بحر ہند میں سمندری امن کو برقرار رکھنے اور بین اقوامی بحری ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں آئی سی جی کے پیش پیش رہنے کی تعریف کی۔
مسٹر راج ناتھ سنگھ نے پڑوسی ممالک کو جب بھی ضرورت پڑی امداد فراہم کرنے کے آئی سی جی کے بہادرانہ اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے آئی سی جی کی آگ سے لڑنے اور آلودگی سے نمٹنے کی کارروائیوں ساگر رکشا اول اور ساگر رکشا دوئم کا خاص ذکر کیا- حال ہی میں سری لنکا کے ساحل پر خام تیل کے بڑے کیریئر ‘نیو ڈائمنڈ’ اور کنٹینر برتن ‘ایکسپریس پرل’ پر آگ پر قابو پانے میں ان کا اہم کرداررہا۔ انہوں نے کہا کہ ان بروقت اور بہادری سے بھرے اقدامات نے بحر ہند کے خطے میں بڑی تباہی کو ٹالا اور ہندستان کو ایک ذمہ دار اور قابل بحری طاقت کے طور پر کھڑا کیا ہے۔
وزیر دفاع نے حالیہ سمندری طوفان ’’تاوتے‘‘اور’’یاس ‘‘کے دوران قیمتی جانیں بچانے میں آئی سی جی کے قابل تعریف کردار کو یاد کیا۔ انہوں نے غیر قانونی ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آئی سی جی کی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘بحری نگہبان’ نہ صرف موجودہ چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں بلکہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور مضبوط بنانے کے لئے بھی سرگرم عمل ہیں۔
پچھلے ایک سال میں ، آئی سی جی نے 70 طبی انخلا کئے ، 555 تلاشی اور بچاو آپریشن کئے اور اس طرح 1090 سے زیادہ لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ ڈائریکٹر جنرل آئی سی جی کے نٹراجن اور وزارت دفاع اور انڈین کوسٹ گارڈ کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS