نئی دہلی (یو این آئی): کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ نفرت انگیز ہے اور یہ بابائے قوم مہاتما کے خیالات کو شکست نہیں دے سکتی ہے۔
راہل گاندھی بھارت جوڑو نیاے یاترا کے دوران، اتر پردیش کے بنارس میں گاندھی جی کے نظریات کو پھیلانے کے لیے بنائے گئے ‘سرو سیوا سنگھ’ کے سامنے رک کر لوگوں سے بات کی، جہاں انھیں بتایا گیا کہ گاندھی جی کے نظریات کو کچلنے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ کس طرح سرو سیوا سنگھ میں رکھی بابائے قوم کی کتابیں اور تصویریں باہر پھینک دی گئی ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آج، ‘بھارت جوڑو نیاے یاترا’ کے دوران، وہ بنارس میں ‘سروا سیوا سنگھ’ کے سامنے رکے اور لوگوں سے بات چیت کی۔ یہ ‘سرو سیوا سنگھ’، مہاتما گاندھی کے نظریات کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ لوگوں کو دبایا گیا اور یہاں بھی آمریت کے نشہ سے اندھی ہو کر بی جے پی حکومت کے بلڈوزروں نے انہیں روند ڈالا اور نایاب تصویریں اور کتابیں باہر پھینک دی گئیں۔
مزید پڑھیں: کانگریس کے منجمد کھاتے بحال کیے جائیں: آئی ٹی ٹریبونل
انہوں نے کہا، “لیکن وہ بھول گئے کہ ‘گاندھی’ ایک سوچ اور سماجی انصاف کا نظریہ ہے۔ یہ زندگی گزارنے کا مثالی طریقہ ہے۔ گاندھی ہندوستان کی روح میں ہے، یہ ملک گاندھی کے نظریے پر چلتا ہے اور ہمیشہ چلتا رہے گا۔ بی جے پی آر ایس ایس کی نفرت انگیز سوچ اسے کبھی شکست نہیں دے سکتی ہے۔