پوپ فرانسیس کی علامہ سیستانی سے تاریخی ملاقات
نجف: عراق کے تاریخی دورے پر آئے ہوئے ویٹی کن کے پوپ فرانسیس نے نجف شہر میں شیعہ مرجع علامہ علی سیستانی سے ملاقات کی۔ یہ اپنی نوعیت کی غیر معمولی ملاقات ہے۔ اس سے قبل پوپ نے جمعے کے روز بغداد میں کیتھولک مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ پوپ صبح بغداد سے 200 کلو میٹر جنوب میں واقع نجف شہر میں علامہ سیستانی کے گھر پہنچے۔ دونوں شخصیات کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں میڈیا کو شریک ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یاد رہے کہ پوپ نے دو سال قبل الازہر کے امام کے ساتھ “انسانی اخوت کی دستاویز” پر دستخط کیے تھے۔ پوپ کی آمد کے موقع پر نجف شہر کی بعض شاہراہوں پر پوپ فرانسیس اور آیت اللہ علی سیستانی کی تصاویر آویزاں کی گئی تھیں۔ ساتھ ہی انگریزی میں “تاریخی ملاقات” کی عبارت بھی تحریر تھی۔ یاد رہے کہ عراقی جمہوریہ کی تاسیس کے بعد سے ویٹی کن کے پوپ کا اس ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ توقع ہے کہ کل جمعے کے روز شروع ہونے والا دورہ پیر تک جاری رہے گا۔ اس دوران مسیحی مذہبی پیشوا متعدد شہر جائیں گے۔ ان میں دارالحکومت بغداد کے علاوہ نجف اور موصل نمایاں ترین ہیں۔ عراقی صدر برہم صالح اور وزیراعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کے بعد پوپ نے عراقیوں کے لیے اپنے خطاب میں امن پھیلانے، تشدد کو جڑ سے اکھاڑ دینے اور ملک میں تمام سیاسی اور مذہبی طبقات کے حقوق کا تحفظ کرنے پر زور دیا۔ پوپ نے یہ بھی کہا کہ بدعنوانی کی آفت پر روک لگائی جائے اور اداروں کو مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے تشدد، انتہا پسندی اور عدم رواداری کا سلسلہ روک دینے پر زور دیا۔ پوپ نے کئی برس کی جنگ کے سبب تباہ حال ملک میں گفتگو کرتے ہوئے “ہتھیاروں کے خاموش ہو جانے” کی امید کا اظہار کیا۔ اس سے قبل روم سے بغداد کے سفر کے دوران طیارے میں صحافیوں کو دیے گئے اپنے مختصر بیان میں 84 سالہ پوپ نے کہا تھا کہ “یہ ایک علامتی دورہ اور ایسی سرزمین کے حوالے سے فریضہ ہے جو بہت برسوں تک مصائب سے دوچار رہی”۔ یاد رہے کہ جمہوریہ عراق کی تاسیس کے بعد ویٹی کن کے پوپ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پوپ کے دورے کے موقع پر عراقی حکام نے سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے ہیں۔ پوپ نے اپنے چہرے پر حفاظتی ماسک پہن رکھا تھا۔ یاد رہے کہ چند ہفتے قبل ویٹی کن میں انہیں کرونا کے خلاف ویکسین بھی دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 1.3 ارب مسیحیوں کے روحانی پیشوا اپنے دورے کے دوران میں عراق میں 1445 کلو میٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ان کے دورے کے مقامات میں اہم ترین نجف شہر ہے۔ وہاں وہ عراق کے شیعہ مرجع علی السیستانی (90 سالہ) سے ملاقات کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS