انتخابات صرف جیت ہی نہیں،تنظیم کی توسیع کا بھی موقع

0
The Economics times

وارانسی کے پارٹی کارکنوں سے وزیراعظم نریندر مودی کا نمو ایپ کے توسط سے خطاب
وارانسی (یواین آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں منگل کو وارانسی کے پارٹی کارکنوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی پارٹی کیلئے انتخاب جیتنا ہی واحد ہدف نہیں ہوتا ہے، بلکہ یہ تنظیم کی توسیع اور کارکنوں کے فروغ کا بھی موقع ہوتا ہے ۔مودی نے‘نمو ایپ’کے ذریعہ کارکنوں سے خطاب کیا۔ ان میں زیادہ ترپولنگ بوتھ کے بوتھ انچارج شامل تھے ۔ مودی نے کاشی وشوناتھ دھام، وارانسی میں ترقیاتی پروجیکٹوں اور کسانوں سمیت دیہی ترقیات کے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت اور خواتین کے مسائل کے بارے میں کارکنوں سے زمینی سطح کی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کارکنوں کیلئے ’‘ٹریننگ کیمپ‘کی طرح ہوتے ہیں، جن میں لوگوں کو پارٹی کے ساتھ جوڑنے اور کارکنوں کو تیار کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے سامنے پارٹی فنڈ میں 5 اور10 روپے کے چھوٹے چھوٹے عطیات کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرنے کا ہدف رکھا۔انہوں نے کہا کہ مختلف بوتھوں کے درمیان یہ مقابلہ ہونا چاہئے کہ چھوٹے عطیات سے تنظیم کے لئے رقم جمع کرنے میں کون آگے رہے گا۔ وزیر اعظم مودی نے واضح کیا کہ 5-5، 10-10 روپے ہی جمع کرنے کی مہم کا ہدف بڑی رقم جمع کرنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی سے جوڑنا ہے ۔
مودی نے دیہی علاقے کے ایک بوتھ انچارج سے کسانوں اور کھیتی کی حالت کی جانکاری لی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیج سے لے کر بازار تک کسانوں کی بھلائی کے لئے متعدد اقدام کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ٹیکہ کاری کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ہی انہیں کیمیائی کھاد کے بجائے آرگینک کھیتی کے لئے راغب کرنے کی کوشش بھی ہونی چاہئے ۔مودی نے کہا کہ کسان کسی بات کے تئیں آسانی سے مطمئن نہیں ہوتا ہے ۔ اسے بار بار اپیل کر کے اس کا یقین جتینا ہوتا ہے ۔ ایسا ہونے پر ہی کسان کسی تبدیلی کو قبول کرتا ہے ۔وزیر اعظم نے وارانسی شہر کے مختلف مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے ساتھ ہی ان کے تصفیہ کیلئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے کئے گے اقدام پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا‘مجھے کاشی میں پیدا ہونے کی خوش قسمتی تو نہیں ملی لیکن مہادیو کی مہربانی سے اس شہر کے ساتھ جڑنے کا موقع ضرور ملا ہے ۔ کاشی کے ذرے ذرے میں شنکر ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کاشی کی وراثت کو بنائے رکھتے ہوئے ترقیاتی کام کئے جائیں۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ کاشی یاترا پر آنے والے زائرین اور سیاحوں کو کبیر چورا واقع کبیر مٹھ اور گرو روی داس کی جائے پیدائش سیر گوردھن پور جانے کیلئے بھی راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرو روی داس کی جائے پیدائش پر ترقی کے متعدد کام کئے گئے ہیں۔
مودی نے ایک خاتون کارکن سے خواتین کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے کہا’اپنی مدد آپ گروپ’بڑی طاقت ہے ۔ کنبہ خوش ہوگا تبھی پورا سماج خوش ہوگا۔کارکنوں کے ذریعہ وارانسی کی ترقی کا سہرہ انہیں دینے کے سیاق میں مودی نے کہا کہ وارانسی کے لوگوں کی طاقت اور ان کے تعاون سے ہی ترقیاتی کام ممکن ہوسکے ہیں۔ لوگوں کے ووٹ کی طاقت سے ہی یہ سب ممکن ہوپایا ہے ۔مودی نے شہر کی آمدورفت نظام کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے شہری باشندوں سے اپیل کیا کہ وہ پارکنگ کے لئے بنائی گئی سہولیات کا استعمال کریں۔ مودی نے کہا کہ ان کا تجربہ ہے کہ ترقی کی اہم شرط آمدورفت کی سہولیات کا فروغ ہے ۔ مودی نے نمو ایپ میں موجود ایک فیچر‘کمل پھول’ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں جن سنگھ کے وقت سے جڑے سینئر پارٹی کارکنوں کے بارے میں جانکاریاں منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو وارانسی کے بزرگ پارٹی عہدیداروں کے بارے میں جانکاری حاصل کر اس فیچر میں ڈالنا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے کاشی وشوناتھ دھام کے بارے میں کارکنوں سے جانکاری حاصل کرتے ہوئے لوگوں کی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS