پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری

0
Image:India Tv News

نئی دہلی (یو این آئی) : بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہفتے کے آخر میں اضافے کے دوران اتوار کو مسلسل چھٹے دن پٹرول 30پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول بھی 104.14 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 92.82 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ ممبئی میں پٹرول 110.12 روپے اور ڈیزل 100.66روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ابھی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 100روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے اور ڈیزل بھی سنچری کی طرف بڑھ رہا ہے۔مسلسل 5 دن کے اضافے کے بعد اس ہفتے کے پہلے دن پیر کو ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، لیکن منگل سے ان دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں ان کی قیمتیں اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ اس اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں پٹرول 104.14روپے فی لیٹر اور ڈیزل 92.82روپے فی لیٹر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پچھلے 10دنوں میں پٹرول 2.95روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ڈیزل بھی 15دنوں میں 4.20روپے فی لیٹر بڑھ گیا ہے۔ اس ماہ اب تک پٹرول 2.50 روپے اور ڈیزل 2.95روپے مہنگا ہو چکا ہے ۔ اوپیک ممالک کے اجلاس میں تیل کی پیداوار میں 4لاکھ بیرل یومیہ اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جبکہ کورونا کے بعد عالمی سطح پر اس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس فیصلے کے بعد سے بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور یہ7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ خام تیل میں اضافے کے بعد امریکہ نے اپنے اسٹرٹیجک ذخائر استعمال کرنے کی بات کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے خام تیل کی برآمدات کو روکنے کا بھی اشارہ کیا ، جس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے لگیں۔ برینٹ کروڈ 0.44ڈالر فی بیرل بڑھ کر 82.39 ڈالر فی بیرل اور امریکی خام تیل 1.05ڈالر سے بڑھ کر 79.35ڈالر فی بیرل رہا۔ملک کی سرخیل آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 104.14روپے فی لیٹر اور ڈیزل 92.82روپے فی لیٹر فروخت ہورہاہے۔ اس اضافے کے بعد دہلی این سی آر کے نوئیڈا میں پٹرول 104.40 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 93.45 روپے فی لیٹر پر ہے۔ اس وقت بھوپال میں پٹرول 112.69 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 101.91 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ہر روز صبح 6بجے سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS