شرپسندوں نے مسجد میں قرآن پاک کو نذرآتش کردیا

0
news18

شاہجہاںپور(ایس این بی) :کوتوالی چوک حلقہ کے محلہ بابوزئی واقع مسجد فخر عالم میاں میں شر پسند عناصر نے مسجد میں رکھے پانچ کلام پاک کے نسخے نذرآتش کر دیے۔ اس واقعہ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ کثیر تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ قرآن کے نسخے جلانے کی اطلاع ملتے ہی کوتوالی پولیس موقع پر فورس کے ساتھ پہنچ گئی۔ پولیس نے مسجد کے امام حافظ محمد ندیم و دیگر ذمہ داروں کے ساتھ جلے ہوئے قرآن کے نسخوں کو جمع کیا اور کوتوالی لے گئی۔ پولیس کی سست رفتاری سے ناراض لوگوںنے بابوزئی میں سپر آٹو ورکشاپ کے پاس احتجاج کرتے ہوئے جام لگا دیا۔ بدھ کو ایک بجے ظہر کی نماز پڑھنے کے بعد لوگ گھروں کو چلے گئے۔ مسجد کے امام محمد ندیم و ان کے ساتھی سہیل مسجد کی چھت پر بنے کمرے میں موجود تھے۔ ڈھائی بجے مسجد کے امام کہیں چلے گئے۔ محلہ کے محمد فاروق 3.15بجے جب مسجد میں آئے تو انہوںنے دیکھا کہ مسجد کے اندردھواں اٹھ رہاہے ۔ اندر جاکر دیکھا تو محراب کے پاس الماری میں رکھے قرآن زمین پر پڑے تھے اور جل رہے تھے۔ یہ دیکھ کر وہ گھبرا گئے ۔انہوںنے فوراً آواز دے کر اوپر کمرے سے سہیل کو بلایا۔قرآن کے نسخے جلانے کی خبر علاقہ میں پھیلی تو مسلمانوں میں غم وغصہ چھا گیا۔ تمام لوگوں نے مسجد میں آکر جلے ہوئے قرآن کے نسخوں کو دیکھا۔اس دوران کسی نے بیری چوکی اور کوتوالی چوک پولیس کو سنگین واردات کی اطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں چوک کوتوالی انچارج و چوکی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مسجد کے اندر جاکر قرآن کے جلے ہوئے نسخوں کو دیکھا اور ان کو ایک کپڑے میں باندھ کر اپنے قبضہ میں لے لیا۔مسجد کے سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ملزم مسجد سے باہر نکلتاہوا دکھائی دے رہاہے۔جو کالی شرٹ اور ہرے رنگ کی پینٹ پہنے ہے۔لوگوںنے بتایاکہ ملزم اپنی چپلیں مسجد میں ہی چھوڑ گیاہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS